پاکستان سینیٹ ،سعودی شوریٰ کونسل کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مستحکم بنانے کی ضرورت ہے،محمد صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ کی سعودی شوری کونسل کے چیئرمین کی سربراہی میں دورے پر آ ئے وفد سے ملاقت ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 5 دسمبر 2019 17:54

پاکستان سینیٹ ،سعودی شوریٰ کونسل کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مستحکم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں سعودی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد ابراہیم الشیخ کی سربراہی میں دورے پر آ ئے وفد سے ملاقات کی جس میں پاکستان سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جس کی بنیاد مشترکہ مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور سماجی مماثلتوں پر ہے۔

انہوں نے پاکستان سعودی عرب تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے اور سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہاادارہ جاتی سطح پر وفود کے تبادلوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ باہمی تعاون کو مزید بہتر کیا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے گزشتہ دورہ پاکستان کو بھی دونوں ملکوں کیلئے انتہائی اہم قرار دیا اور اس اٴْمید کا اظہار کیا کہ ان کے اس دورے سے دوطرفہ تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار ہونگی۔سعودی عرب کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کے نتیجے میں بین الاقوامی برادری کا پاکستان پر اعتما د بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کی مضبوطی سے حالات بہتری کی جانب گامزن ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سینیٹ اور سعودی شوریٰ کونسل کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو بھی مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔وفد کے رہنما نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کیلئے انتہائی اہم ملک ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کا آپس میں ایک دوسرے سے باہمی محبت کا رشتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سینیٹ اور سعودی شوریٰ کونسل کے مابین ادارہ جاتی تعاون پر مثبت پیش رفت ہونی چاہیے۔سعودی وفد کے اراکین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات فقید المثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں پاکستان ایک الگ شناخت کا ملک ہے۔ اس موقع پر سینیٹر حافظ عبدالکریم بھی موجود تھے۔