این ای ڈٰی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء بیرونی ممالک اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں ، گورنرسندھ

حکومت کی بہترین معاشی پالیسی کے ثمرات عوام تک پہنچا شروع ہوگئے، عمران اسماعیل کا جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب

ہفتہ 7 دسمبر 2019 17:29

این ای ڈٰی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء بیرونی ممالک اہم عہدوں پر ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباو طالبات نہ صرف پاکستان بلکہ شمالی امریکہ ، یورپ اور آسٹریلیا سمیت پوری دنیا کے دیگر ممالک کے اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، حکومت نے آپ کو سہولیات فراہم کی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اعلی تعلیم حاصل کرکے آپ ملک و قوم کو اپنی بہترین خدمات فراہم کریں۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 28 ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے تعلیم، فتی تربیت اور قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود، چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر جاوید سلیم قریشی اور طلباو طالبات کے والدین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہترین معاشی پالیسی کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے، بین الاقوامی معاشی ادارے کی جانب سے رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ2024 میں دنیا کی70 فیصد معیشت کا دارومدار جن20 ممالک پر ہوگا ان میں پاکستان بھی شامل ہے، کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے والے ممالک کی درجہ بندی میں کئی درجے بہتری ظاہر کرتی ہے کہ موجودہ حکومت پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوانوں انٹر پرینیورز کے لئے کامیاب جوان پروگرام کا آغا کردیا گیا جس کے تحت ہنر مند اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر بلا سود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے ملک کی ترقی کا دارومدار جامعات سے فارغ التحصیل ہونہار ، قابل اور با صلاحیت طلبا و طالبات کے ساتھ جڑا ہوا ہے کیونکہ یونیورسٹیز اعلی تعلیم، تحقیق اور ترقی کے مراکز ہوتے ہیں جن کا براہ راست اثر قومی معیشت پر پڑتا ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ جامعات سے فارغ التحصیل طلباو طالبات آج اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں اس ضمن میں ان کو ملک و قوم کا مفاد ہر صورت مقدم رکھنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ای ڈی کا سپیک(CPEC) یونیورسٹیز کے کنسورشیم کے ذریعہ چینی شہر کی نامور جامعات کے ساتھ قریبی روابط کا قائم ہونا خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود انجینئرنگ یونیورسٹیز کے ساتھ ساتھ این ای ڈی یونیورسٹی بھی تحقیقی کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے، اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ این ای ڈی یونیورسٹی نے قومی چیلنج کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلا واٹر انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایاجو قابل ستائش ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جن میں سے بیشتر معروف بین الاقوامی یونیورسٹیز میں اپنی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں، میری خواہش ہے کہ اساتذہ اپنے پورے جوش و جذبے اور محنت کے ساتھ اپنا علم وتجربے کو قوم کی نئی نسل تک منتقل کریں، مجھے یہ جان کر خوشی محسوس ہوئی ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ قریبی روابط ہیں جو کہ نوجوان نسل کو دور حاضر کی ٹیکنالوجی حاصل کرنے میں سود مندثابت ہورہی ہے۔

گورنر سندھ نے طلباو طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں سے بہت توقعات وابستہ ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔ عمران اسماعیل نے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی کہ حکومت این ای ڈی یونیورسٹی کو تعلیمی منصوبوں، تحقیق اور ترقیاتی پروگرامز میں مدد فراہم کرنے میں معاونت جاری رکھے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جلسہ تقسیم اسناد2019 میں 13طالب علموں کو ڈاکٹریٹ کی سند جبکہ امتیازی نمبر حاصل کرنے والے 27طلبا و طالبات کو گولڈ میڈلز دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جامعہ این ای ڈی سے اس سال پاس آئوٹ گریجویٹس کی کل تعداد 2113 جبکہ ماسٹرز کی تعداد 843ہے۔