پی ٹی آئی لندن کا نوازشریف کیخلاف احتجاجی مظاہروں سے لاتعلقی کا اظہار

ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے مظاہرے باہرطارق محمود نامی شخص کے کہنے پرمنعقد ہوئے، پی ٹی آئی نے احتجاج کی کوئی کال نہیں دی۔ پی ٹی آئی لندن کے سیکرٹری اطلاعات تقویم احسن صدیقی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 8 دسمبر 2019 22:42

پی ٹی آئی لندن کا نوازشریف کیخلاف احتجاجی مظاہروں سے لاتعلقی کا اظہار
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 دسمبر 2019ء) تحریک انصاف نے لندن میں نوازشریف کیخلاف احتجاجی مظاہروں سے لاتعلقی کا اظہار کردیا، پی ٹی آئی لندن کے سیکرٹری اطلاعات کا کہنا ہے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر پی ٹی آئی نے احتجاج کی کوئی کال نہیں دی، کسی بھی احتجاج کو پی ٹی آئی کا مظاہرہ نہ سمجھا جائے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف لندن نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی رہائشگاہ کے سامنے کسی بھی احتجاج سے پارٹی کو دور رکھا جائے گا۔

گزشتہ روز لندن میں نوازشریف کی رہائشگاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ یہ احتجاجی مظاہرے باہر طارق محمود نامی شخص کے کہنے پر منعقد کیے گئے۔ یہ شخص اس سے قبل بھی تحریک انصاف اور پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے نواز شریف کیخلاف احتجاج منعقد کرواتا رہا۔

(جاری ہے)

اب ایک باہر پھر طارق محمود نے نوازشریف کی رہائشگاہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ منعقد کروانے کی کوشش کی۔

لیکن ناکام رہا۔ کیونکہ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی لندن تقویم احسن صدیقی اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہمارا نوازشریف کی رہائشگاہ کے سامنے احتجاج سے کوئی تعلق نہیں۔ پارٹی نے سابق وزیراعظم کی رہائشگاہ کے باہر کسی احتجاج کی کوئی کال نہیں دی۔ واضح رہے گزشتہ مہینے نومبر میں بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن رہائشگاہ کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف ائیرپورٹ سے اپنی رہائشگاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچے۔ نواز شریف کے سمدھی سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے نواز شریف کا گھر میں استقبال کیا، اس موقع پر گھر کو پھولوں اور گلدستوں سے سجایا گیا تھا۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور بھائی شہباز شریف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ لندن میں نوازشریف کے اپنی رہائشگاہ ایون فیلڈ پہنچنے پر لوگوں نے احتجاج کیا۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔ کارکنان کی طرف سے "گونوازگو" کے نعرے بھی لگائے جا رہے ہیں۔ لندن میں مقیم پاکستانیوں نے "دیکھو دیکھو کون آیا چور آیا چورآیا" لے نعرے بھی لگائے۔