الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان کیخلاف سوموٹو نوٹس خارج کردیا

تحریک لبیک پاکستان نے ملک کی تین بڑی سیاسی جماعتوں کیخلاف فریق بننے کا فیصلہ کرلیا تحریک لبیک پاکستان نے تین بڑی جماعتوں کی فارن فنڈنگ سے متعلق تمام تفصیلات الیکشن کمیشن سے مانگ لیں

پیر 9 دسمبر 2019 14:55

الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان کیخلاف سوموٹو نوٹس خارج کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2019ء) الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان کیخلاف سوموٹو نوٹس خارج کردیا۔پیر کو قائمقام چیف الیکشن کمشنر الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔ دور ان سماعت الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان کیخلاف سوموٹو نوٹس خارج کردیا۔الیکشن کمیشن نے کہاکہ تحریک لبیک پاکستان کیخلاف اداروں کی رپورٹ میں کچھ نہیں ہے۔

دوسری جانب تحریک لبیک پاکستان نے ملک کی تین بڑی سیاسی جماعتوں کیخلاف فریق بننے کا فیصلہ کرلیا ۔ تحریک لبیک پاکستان نے تین بڑی جماعتوں کی فارن فنڈنگ سے متعلق تمام تفصیلات الیکشن کمیشن سے مانگ لیں۔ تحریک لبیک پاکستان نے استدعا کی کہ سکروٹنی کمیٹی کی تاحال کاروائی سے متعلق معلومات دی جائیں۔

(جاری ہے)

امیر اسلام آباد تحریک لبیک پاکستان انجینئر حفیظ اللہ علوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ علامہ خادم حسین رضوی سے متعلق سو موٹو نوٹس کیس تھا،مئی 2019 میں الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی۔

انہوںنے کہاکہ ہم پہلی سیاسی جماعت ہیں جو فنڈنگ کیس سے کلیئر ہوئی،ہمارے متعلق تمام رپورٹس کلیئر ہو چکی ہیں،تحریک لبیک پاکستان ریاست کے خلاف کسی اقدام میں ملوث نہیں۔انہوںنے کہاکہ ملک کی تین بڑی سیاسی جماعتیں فارن فنڈنگ موصول کرنے میں ملوث رہیں،پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو پارلیمنٹ سے معطل کیا جائے۔