ایشیائی ترقیاتی بینک آئندہ تین سال کے دوران پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

وفاقی وزیر عمر ایوب خان اور معاون خصوصی ندیم بابر سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیائ و مغربی ایشیائ ورنر لی پیچ کی ملاقات، توانائی کے شعبہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا

بدھ 11 دسمبر 2019 23:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2019ء) ایشیائی ترقیاتی بینک آئندہ تین سال کے دوران پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ بدھ کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیائ و مغربی ایشیائ ورنر لی پیچ نے یہاں وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے ملاقات کی۔

اس موقع پر پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ہیڈ یائو ہانگ یانگ بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے توانائی کے شعبہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے مختلف منصوبوں پر غور کیا اور یہ فیصلہ کیا کہ ان منصوبوں کو حتمی نتیجوں تک پہنچانے کے لئے رواں ماہ کے آخر تک پاور ڈویڑن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام کا جائزہ اجلاس منعقد ہو گا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ منصوبوں پر عملدر آمد پر مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی و مغربی ایشیائ نے پاکستان میں گیس ذخیرہ کرنے کے تکنیکی سروے میں سہولت فراہم کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں مالی معاونت پر بھی بینک غور کر سکتا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ نئی قابل تجدید توانائی پالیسی رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

انہیں بجلی چوری کی روک تھام کے خلاف مہم اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے پاور ڈویڑن کی طرف سے کئے جانے والے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہیں بتایاگیا کہ پاور ڈویڑن گردشی قرضے میں کمی کے منصوبے پر بھرپور طریقے سے عمل کر رہا ہے جس کے نتیجہ میں گردشی قرضے میں ماہانہ اضافہ جو 39 ارب روپے تھا اب ماہانہ 12 ارب روپے ہو گیا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیم نے پاور ڈویڑن کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔