قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی ملاقات،

چیف سیکرٹری نے وائس چانسلرکو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی

بدھ 1 جنوری 2020 23:38

گلگت ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2020ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر)خرم آغانے ملاقات کی۔ملاقات میں یونیورسٹی کی سینئر منیجمنٹ وفیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔ پبلک ریلیشنز آفس سے جاری بیان کے مطابق وائس چانسلر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں چیف سیکرٹری نے انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت،گورنر جی بی اور اپنی طرف سے بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت نے یونیورسٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سات کروڑ کی خصوصی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔

چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے قراقرم یونیورسٹی کے انڈر گریجویٹ مستحق طلبا کو وزیر اعظم احساس پروگرام کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سکالر شپ دلانے کے حوالے سے بات کریں گے تاکہ مستحق طلبا کو اعلی ٰ تعلیم کے حصول میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے کہاکہ سٹرکوں کو بند کرنا اور عوام الناس کو مشکلات سے دوچار کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

پڑھے لکھے نوجوانوں کی طرف سے سٹرکیں بند کرنے سے معاشرے کو اچھا پیغام نہیں جاتاہے۔لہذا نوجوان ایسا کا م کریں جس سے معاشرے کو اچھا پیغام پہنچ سکے۔ چیف سیکرٹری نے وائس چانسلر سے خصوصی طورپر درخواست کی کہ طلبا کو سٹرکوں پر نکلنے کی ہرگز اجازت نہ دیں۔طلبا کی جانب سے سٹرکوں پر نکلنے سے عام عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتاہے۔جس پر وائس چانسلر نے یقین دہانی کرائی کہ طلبا آئندہ سٹرکوں پر نہیں نکلیں گے۔

وائس چانسلر نے بتایاکہ گزشتہ دنوں طلبا کو سٹرکو ں پردھرنا دینے کے لیے اٴْکسانے والے طلبا کے خلاف یونیورسٹی نے سخت کارروائی عمل میں لائی ہے اور طلبا کو متنبہ کیاہے کہ آئندہ اس طرح کی سرگرمیوں سے باز رہیں۔وائس چانسلر نے چیف سیکرٹری کو یونیورسٹی کی جانب سے مختلف اداروں کے تعاون سے قائم کئے گئے یونیورسٹی انڈومنٹ فنڈ سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی نے انڈومنٹ فنڈ ز کی مد میں ایک ارب روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کیاہے۔

جس کے لیے بنائے جانے والا پرپوزل چیف سیکرٹری سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کو ارسال کیا گیاہے۔اس انڈومنٹ فنڈ ز سے یونیورسٹی کے دو سے ڈھائی ہزار مستحق طلبا کو اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے سلسلے میں سکالرشپ مہیا کیاجائے گا۔ وائس چانسلر کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے وفاقی حکومت کی طرف سے گورنر گلگت بلتستان کو یونیورسٹی کے مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے لکھاہوا خط بھی پیش کردیا۔

تحریری خط میں یونیورسٹی کو خصوصی گرانٹ دینے سمیت یونیورسٹی کے دیگر مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ وائس چانسلر نے وفاقی حکومت کی طرف سے گورنر گلگت بلتستان کا ماسٹر زکے طلباکی فیسوں کے حوالے سے لکھاہوا خط حوالہ کرنے اور یونیورسٹی کے جملہ مسائل کو حل کرنے میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :