وکاڑہ یونیورسٹی میں مچھلیوں اور ریشم کے کیڑوں کے ریسرچ سنٹر اور عوام کی تفریح کیلئے چڑیا گھر کا منصوبہ،قیا م کا لائحہ عمل تیارکر لیاگیا

جمعہ 3 جنوری 2020 19:32

کرمانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2020ء) ا وکاڑہ یونیورسٹی میں مچھلیوں اور ریشم کے کیڑوں کے ریسرچ سنٹر اور عوام کی تفریح کے لئے چڑیا گھر کا منصوبہ،ترجمان اوکاڑہ یونیورسٹی کے مطابق حکومت پنجاب کے محکمہ فیشریز اوروائلڈ لائف کے تعاون سے اوکاڑہ یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف پیور اینڈ اپلائیڈ زوالوجی نے کیمپس میں مچھلیوں اور ریشم کے کیڑوں کے ریسرچ سنٹر کے قیام کا لائحہ عمل تیار کیا ہے۔

اس سنٹر میں مختلف انواع و اقسام کی مچھلیوں اور ریشم کے کیڑوں کی افزائش کی جائے گی۔ اس سلسلے میں محکمہ فیشریز اور وائلڈ لائف کے ماہرین کی ٹیم نے انسٹیٹیوٹ آف پیور اینڈ اپلائیڈ زوالوجی کے ڈائیریکٹر ڈاکٹر محمد واجد اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں اداروں نے یونیورسٹی کو مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور وہاں سے مٹی اور پانی کے نمونے اکھٹے کیے جن کو لیبارٹری میں ٹیسٹ کرنے کے بعد یونیورسٹی کی تکنیکی معاونت کے لیے ایک رپورٹ مرتب کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یو نیورسٹی کے ترجمان کے مطابق کیمپس 208 ایکڑ رقبہ پر محیط ہے جس کے ایک طرف لوئر باری دوآب نہرہے اوریونیورسٹی انتظامیہ ان قدرتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے طلباء کو تحقیق کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شعبہ زوالوجی نے یونیورسٹی میں چھوٹے پیمانے پر ایک چڑیا گھر کے قیام کا منصوبہ بھی بنایا ہے اور اس چڑیا گھر کو تحقیقی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ عام عوام کی تفریح کے لیے بھی کھولا جائے گا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکرنے انسٹیٹیوٹ آف پیور اینڈ اپلائیڈ زوالوجی کے ڈائیریکٹر ڈاکٹر واجد کو ہدایت کی کہ اس ریسرچ سنٹر کا قیام جلد از جلد عمل میں لا یا جائے تا کہ طلباء کو تدریس کے ساتھ ساتھ عملی تحقیق کے مواقع بھی فراہم کیے جا سکیں۔