کیڈٹ کالج سانگھڑ میں 23 ویں سالانہ یوم والدین کی تقریب

کیڈٹ کالج سانگھڑ میں 23 ویں سالانہ یوم والدین کی تقریب کا انعقاد، کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل زاہد الیاس تقریب کے مہمان خصوصی تھے

پیر 6 جنوری 2020 12:52

کیڈٹ کالج سانگھڑ میں 23 ویں سالانہ یوم والدین کی تقریب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جنوری2020ء) کیڈٹ کالج سانگھڑ میں 23 ویں سالانہ یوم والدین کی تقریب کا انعقاد، کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل زاہد الیاس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی رئیر ایڈمرل زاہد الیاس جو کیڈٹ کالج سانگھر کے بورڈ آف گورنرز کے چیئر مین بھی ہیں نے نوجوان طلباء کی تعلیم و تربیت میں کیڈٹ کالج سانگھڑ کے کردار کو سراہا اور کالج کے تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ اعلیٰ ملٹری اور جسمانی تربیت کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے اپنی انتھک محنت سے کالج کو قلیل عرصے میں سندھ کا بہترین ادارہ بنانے پر کالج کے اساتذہ اور اسٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈنٹ کیڈٹ کالج سانگھڑ کیپٹن محمد اشرف بھٹی نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور تعلیم، کھیل اور غیر نصابی سرگرمیوں کے میدان میں کالج کی غیر معمولی کارکردگی کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے گزشتہ سال کے دوران مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔

بعد ازاں مہمان خصوصی نے تعلیمی سال کے دوران مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ چیمپئن ٹرافی حسن علی آفندی ڈویژن کو دی گئی ، اسٹک آف آنر کیڈٹ آصف علی اور کیڈٹ ثاقب حبیب کو بیج آف آنر سے نوازا گیا جبکہ کیڈٹ عبدالرسول اکیڈمکس میں قائد اعظم ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔

تقریب میں والدین کی کثیر تعداد کے علاوہ ممبران بورڈ آف گورنرز ، اعلیٰ سول اور فوجی حکام اورر مہمانوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔