حکومت پنجاب کی طرف سے زرعی سائنسدانوں کے لیے فورٹائرسروس سٹرکچر اور 25فیصد ریسرچ الائونس کی منظوری دیدی گئی، ملک نعمان احمد لنگڑیال

پیر 6 جنوری 2020 17:36

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2020ء) حکومت پنجاب کی طرف سے زرعی سائنسدانوں کے لیے فورٹائرسروس سٹرکچر اور 25فیصد ریسرچ الائونس کی منظوری دے دی گئی۔ زرعی سائنسدان دور حاضر کے چیلنجز خصوصاً موسمیاتی تبدیلیوں کو برداشت کرنے والی زرعی اجناس کی اقسام کی تیاری جاری رکھیں ۔ قابل فخر زرعی سائنسدا ن قوم کا سرمایہ ہیں جو شب وروز محنت کرکے نئی زرعی اجناس کی اقسام تیار کرتے ہیں ۔

زراعت میں شعبہ تحقیق کلیدی حیثیت کا حامل ہے جس کی ترقی سے زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے، زراعت میں شعبہ تحقیق کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔ زرعی سائنسدان دور حاضر کے چیلنجز خصوصاً موسمیاتی تبدیلیوں کو برداشت کرنے والی زرعی اجناس کی اقسام کی تیاری کا عمل جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

زرعی شعبہ تحقیق کی ترقی اور زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ لازم وملزوم ہیں۔

قابل فخر زرعی سائنسدان قوم کا سرمایہ ہیں جو کہ فوڈ سیکیورٹی کے لیے شب وروز محنت کرکے دور حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے والی زرعی اجناس کی اقسام تیار کررہے ہیں جن کا براہ راست فائدہ وطن عزیز کے کاشتکار بھائیوں کو ہے اور کاشتکار وں کی خوشحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ یہ باتیں ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں پنجاب بھر کے زرعی سائنسدانوں سے اپنے خطاب کے دوران کیں۔

اس موقع پر محمد اجمل چیمہ صوبائی وزیر فار چیف منسٹر انسپکشن ٹیم ،لالہ محمدطاہر رندھاواپارلیمانی سیکرٹری ایگریکلچر، چوہدری شہزاد بشیرچیمہ ممبرٹاسک فورس برائے سیڈ اینڈ فرٹیلائزر،ملک محمد فیصل لنگڑیال ،ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹرجنرل زراعت ریسرچ اور محمد رفیق اختر ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب بھی موجود تھے ۔ ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان نے زرعی ایمرجنسی پروگرام دیا ہے جس کے تحت 300ارب روپے زرعی شعبہ کی ترقی پر خرچ کئے جارہے ہیں۔

ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے تحت اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں زراعت کے شعبہ میں انقلاب لانے اور کسانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد اب تک مختلف فصلوں ، پھلوں وسبزیوں کی 568اقسام متعارف کرواچکا ہے اور موجودہ حکومت کی شعبہ تحقیق پر خصوصی توجہ کی وجہ سے مالی سال 2018-19سے اب تک مجموعی طورپر 80اقسام کی عام کاشت کے لیے منظوری دی گئی جس میں سے 68اقسام ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کی تیار کردہ ہیں جس سے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے انفراسٹرکچر کو 29کروڑ 70لاکھ روپے کی لاگت سے بہتر بنایا گیا ہے اور ادارہ ہذا کے زیر انتظام 21لیبارٹریوں کوISO-17025کے تحت سرٹیفائیڈ کروایا گیا ہے جس سے بین الاقوامی معیار کے مطابق کسانوں ، برآمد کنندگان اور دیگر متعلقہ افراد کو تجزیاتی خدمات دی جاسکیں گی۔ حکومت پنجاب زرعی تحقیق کے منصوبہ جات کے لیے فیاضانہ طورپرفنڈز فراہم کررہی ہے اس ضمن میں 287ملین روپے کی لاگت سے زیتون پر تحقیق اور فنی تربیت کے لیے سنٹر آف ایکسیلنس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔

کپاس کی اہمیت کے پیش نظر راجن پور میں 100ملین کی لاگت سے کاٹن ریسرچ سب سٹیشن قائم کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کے زیر انتظام ڈیرہ غازی خان میں سٹیلائٹ سنٹر کا قیام بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ نے وزیر زاعت پنجاب کو شعبہ تحقیق میں جاری سرگرمیوں اور مقررہ اہداف کے حصول کی حکمت عملی بارے تفصیلاً بریف کیا ۔ ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیرزراعت پنجاب نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کی تجدید نو کی گئی ایڈمن بلاک کی بلڈنگ کا افتتاح اور مختلف تحقیقی شعبہ جات کا دورہ کیا ۔ انہوں نے منتظم اعلیٰ زراعت ریسرچ ڈاکٹر عابد محمود کو ادارہ کی کارکردگی کے حوالے سے مبارک باد دی۔