صوبائی حکومت کسانوں کو کھاد اور دوسرے زرعی مداخل پر ایس ایم ایس سروس سے منسلک 4 ارب روپے،

زرعی مشینری پر اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے، صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال

پیر 6 جنوری 2020 22:50

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2020ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ زراعت کو پرکشش اور منافع بخش پیشہ بنانے کیلئے صوبائی حکومت کسانوں کو کھاداور دوسرے زرعی مداخل پر ایس ایم ایس سروس سے منسلک4ارب روپے جبکہ زرعی مشینری پر اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے تاکہ پیداواری لاگت میں کمی کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ پیداوار میں ا ضافہ کرکے کسان کی خالص آمدنی بڑھائی جا سکے۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو سینٹ ہال میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد ا شرف (ہلال امتیاز) ‘ صوبائی وزیر اجمل چیمہ‘ رکن پنجاب اسمبلی شکیل شاہد کے ہمراہ یونیورسٹی ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرزراعت نے کہا کہ صوبائی سطح پر زرعی تحقیق اور یونیورسٹی فنڈنگ کیلئے خاطر خواہ وسائل کی فراہمی ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے سبز و شاداب کیمپس اور خوبصورت انفراسٹرکچرکو سراہتے ہوئے ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ انہیں یونیورسٹی میں وزیراعظم کے کلین و گرین پاکستان پروگرام کو پوری توانائیوں سے آگے بڑھتے دیکھ کر انتہائی مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا زراعت و لائیوسٹاک میں ترقی کے بے پناہ امکانات موجود ہیں لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ اگر ان شعبوں کو ترقی سے ہمکنار کرنے میں کامیاب ہوگئے تو ملک کو بیرونی امداد اور بھاری قرضوں سے نجات دلانے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے ڈیڑھ درجن سے زائد اضلاع میں فصلوں کی انشورنس کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے جس میں پانچ ایکڑ سے کم رقبے کے مالکان کوانشورنس کور کیلئے کوئی رقم ادا نہیں کرنا پڑتی اور کسی بھی نقصان کی صورت میں انہیں فصل کا مکمل معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے 52لاکھ چھوٹے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ سبسڈی کی فراہمی کے عمل کو مزید شفاف اور موثر بنایا جاسکے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے اپنے استقبالیہ کلمات میں بتایا کہ وہ یونیورسٹی میں سیڈپراسیسنگ سنٹر کے قیام کیلئے کوشاں ہیںتاکہ چھوٹے کاشتکاروں کیلئے خالص اور بہترین کوالٹی کے بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی انجینئرز کوہدایت کی گئی ہے کہ چین میں زیراستعمال چھوٹی زرعی مشینری کی ریورس انجینئرنگ کرکے اس کی مقامی تیاری پر توجہ مرکوز کریں تاکہ اس کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کی ضرورت انتہائی کم پیسوں میں پوری کی جا سکے جس سے پیداواری لاگت میں واضح کمی سے کسان کے منافع میں اضافہ ہوگا۔

ڈاکٹر اشرف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی کو جلد ہی دنیا کی 500بہترین جامعات کی فہرست کا حصہ بنادیا جائے گا جس کیلئے مربوط حکمت عملی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی ملک کی واحد جامعہ ہے جسے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ کیلئے جاری کئے گئے 202پراجیکٹس میں سے 27منصوبے جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ صوبائی وزیر نے ایکسپو سینٹر میں یونیورسٹی ٹیکنالوجی کے سٹالز کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ فاطمہ ہال میں کلین و گرین پروگرام کے تحت پودا بھی لگایا اور حال ہی میں تعمیر ہونیوالی ای لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔