قراقرم یونیورسٹی اور ایس سی او کا گلگت بلتستان میں پہلاانفارمیشن ٹیکنالوجی پارک اور ٹیکنالوجی انکوبیشن سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

آئی ٹی پارک خطے کے نوجوانوں کی ترقی کے لئے بہت بڑا قدم ہوگا اور انہیں ٹیکنالوجی کے کاروبار میں حوصلہ افزائی کرے گا۔وائس چانسلر

جمعرات 9 جنوری 2020 23:44

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2020ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن مشترکہ طور پر قراقرم یونیورسٹی میں پہلاانفارمیشن ٹیکنالوجی پارک اور ٹیکنالوجی انکوبیشن سنٹر قائم کریں گے۔ قراقرم یونیورسٹی پبلک ریلیشنز آفس کے مطابق قراقرم یونیورسٹی اپنے کمرشل سنٹر میں آئی ٹی پارک اور انکیوبیشن سنٹر قائم کرنے کے لئے جگہ مہیا کرے گا۔

جبکہ اس آئی ٹی پارک اور آئی ٹی انکیوبیشن سنٹر قائم کرنے کے لیے فنڈز ایس سی او کے ذریعہ وفاقی حکومت کی وزارت آئی ٹی سے کیا جائے گا۔ آئی ٹی پارک کے ذریعے کمپیوٹر اور آئی ٹی گریجویٹس کو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور عالمی آئی ٹی مارکیٹ سے منسلک کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایس سی او اسٹیٹ آف دی آرٹ نیٹ ورکنگ کی سہولیات اور تیز رفتار انٹرنیٹ سے رابطہ فراہم کرے گا۔

گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ بنے والا آئی ٹی پارک اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سنٹر کے قیام کے حوالے سے قراقر م یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطائ اللہ شاہ نے KIU سنڈیکیٹ کے 40 ویں اجلاس میں سینڈیکیٹ کے ممبران کو تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ آئی ٹی پارک خطے کے نوجوانوں کی ترقی کے لئے ایک بہت بڑا قدم ہوگا اور انہیں ٹیکنالوجی کے کاروبار میں حوصلہ افزائی کرے گا۔ سنڈیکیٹ نے قراقرم یونیورسٹی میں آئی ٹی پارک اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سینٹر کے قیام کے لئے قراقرم یونیورسٹی اورایس سی او کے اشتراکی عمل کو سراہا۔