جامعہ کراچی: پاکستان اسٹڈی سینٹر کے زیر اہتمام لیکچر بعنوان: ’’قائد اعظم محمد علی : معمار پاکستان‘‘ کا انعقاد

جمعہ 10 جنوری 2020 20:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2020ء) پاکستان اسٹڈی سینٹر جامعہ کراچی کے زیر اہتمام سینٹر ہذا میں گذشتہ روز لیکچر بعنوان: ’’قائد اعظم محمد علی : معمار پاکستان‘‘ کا انعقاد کیا گیا ۔ملک کے نامور تاریخ دان ڈاکٹر محمد رضا کاظمی نے اپنے لیکچر قیام پاکستان کے حوالے سے قائد اعظم محمد علی جناح کے کردار اور ان کی خدمات کو تفصیل سے بیان کیا جس میں تاریخی شواہد بھی پیش کئے گئے جوکہ انتہائی اہمیت کے حامل تھے کہ وہ کس قسم کا پاکستان چاہتے تھے مسلمانوں کے لئی اور قیام پاکستان سے قبل برصغیر ہنداور انگریزوں کی جانب سے ان کو کس قدرمزاحمت کا سامنا تھا۔

انہوں نے معروف انگریز مورخین اور تاریخ دانوں کے حوالہ جات سے اس بات کا بھرپور احاطہ کیا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اوپراُٹھائے جانے والے اعتراضات اور ان کے مدلل جوابات خود غیر ملکی مورخین نے دیئے ہیں جیساکہ کچھ مورخین کی جانب سے قائد اعظم کو بہت زیادہ انا پرست اور مغروربتایا جاتاہے حالانکہ وہ کافی خوش مزاج اور ہنس مکھ انسان تھے ۔

(جاری ہے)

قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان میں سوشلسٹ معیشت کے حق میں تھے کیونکہ انہوںنے ہندوستان میں بھوک اورافلاس کی انتہائی دردناک صورتحال کو دیکھا تھا ،لیکن قیام پاکستان کے بعد جو معاشی مسائل تھے اس میں سرمایہ داروں اور صنعتکاروں نے جو حکومت کی مالی امداد کی اس سے بعد میں آنے والی معاشی پالیسی کا رخ تبدیل ہوگیااور ملکی معیشت پر سرمایہ دارانہ گرفت مضبوط ہوگئی۔

دوقومی نظریہ کے بارے میں اُٹھائے جانے والے سوالات کے بارے میں انہوں نے اس کا پورا پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس نظریہ کی کیوں ضرورت تھی اور اگر یہ درست نہ تھا تو موجودہ دور میں علاقائی صورتحال اس کو درست ثابت کررہی ہے۔تقسیم پاکستان کے حوالے سے انہوں نے امریکہ اور روس کے کردار کو بھی واضح کیا کہ بڑی طاقتیں کس حد تک پاکستان کی تقسیم کی ذمہ دارتھیں۔لیکچر کے اختتام پر سوال وجواب کا سیشن بھی ہوا جس سینٹر ہذا کے ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز نے ڈاکٹر محمد رضا کاظمی سے سوالات کئے۔