کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد شہید، 20 زخمی

زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک، دھماکا مسجد میں نماز کے دوران ہوا، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 10 جنوری 2020 19:22

کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد شہید، 20 زخمی
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 جنوری 2020ء) بلوچستان کے صوبائی دارلحکومت میں سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکا ہو گیا ہے، دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ اور امام مسجد سمیت 15 افراد شہید اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکا مسجد میں نماز کے دوران ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن غوث آباد کی مسجد میں نماز مغرب کے دوران دھماکا ہوا ہے، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز دور تک سنائی دی گئی۔

دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے دھماکا پر پہنچ گئیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا۔ جبکہ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔ زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کرنے کی امدادی کاروائیاں جاری ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 15 افراد جاں بحق اور 21 افراد کے زخمی ہوگئے ہیں۔

ڈی آئی کوئٹہ جی عبدالرزاق چیمہ نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ بھی شہید ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ دھماکا مسجد کے قریب ہوا ہے، لیکن اب معلوم ہے کہ دھماکا مسجد مین نماز کے دوران ہوا ہے۔ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں۔

زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی، سیاسی اور حکومتی شخصیات نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے سچے مسلماں نہیں ہو سکتے۔ ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، پولیس اور ایف سی کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔