تاریخ میں پہلی بار حکومتی بانڈز میں غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی

امریکہ سے 73 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 80 کروڑ ڈالر اور عرب امارات سے 7 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی

ہفتہ 11 جنوری 2020 01:24

تاریخ میں پہلی بار حکومتی بانڈز میں غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب 60 کروڑ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جنوری2020ء) تاریخ میں پہلی بار حکومتی بانڈز میں غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔ مرکزی بینک کے جاری اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال میں اب تک ٹی بلز اور پاکستان انویسمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری ایک ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ اس عرصے میں امریکہ سے 73 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 80 کروڑ ڈالر اور عرب امارات سے 7 کروڑ ڈالر کی حکومتی بانڈز میں سرمایہ کاری ہوئی۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد بڑھا ہے، اس کے علاوہ زائد شرح سود کے باعث بھی بیرونی سرمایہ کار حکومتی بانڈز میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ دوسری جانب بیرونی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملکی مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر34لاکھ ڈالر کے اضافے سے 18ارب8کروڑ48لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری اعداد وشمار کے مطابق3جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں34لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ذخائر کی مجموعی مالیت 18ارب8کروڑ48لاکھ ڈالر ہوگئی جس میں مرکزی بینک کے پاس موجود ذخائرایک کروڑ43لاکھ ڈالرکے اضافے سی11ارب50کروڑ37لاکھ ڈالر ہوگئے جب کہ اس کے مقابلے میں دیگر کمرشل بینکوں کے ذخائر میں1کروڑ9لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس سے کمرشل بینکوں کے ذخائر گھٹ کر6ارب58کروڑ11لاکھ ڈالر ہوگئے ۔ اسی باعث امریکی ڈالر سمیت دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری بھی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔