ادلب کے شدت پسند لیبیا منتقل ہوگئے ہیں، روس

منگل 14 جنوری 2020 18:02

کولمبو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2020ء) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ متعدد شدت پسند شامی صوبے ادلب سے لیبیا منتقل ہو چکے ہیں۔منگل کو کولمبو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ "تقریباً 90 فیصد شامی اراضی شامی حکومت کی فورسز کے کنٹرول میں آ گئی ہے۔سرگئی لاروف کے مطابق شدت پسند اِدلب میں اپنے ٹھکانوں سے ہاتھو دھو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیبیا کے حوالے سے روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لیبیا کی فوج کے سربراہ خلیفہ حفتر اور وفاق کی حکومت کے سراہ فائز السراج کے درمیان گذشتہ روز ماسکو میں بات چیت کے دوران لیبیا کے تصفیے کے حوالے سے حتمی نتائج سامنے نہیں آ سکے۔انہوں نے لیبیا میں تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمے داری پوری کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ لیبیا میں فائر بندی کے سمجھوتے تک پہنچنے کے لیے روس اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی جانب سے جارحیت کی مخالفت کرتے ہیں ،ہم ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جذبات کو قابو میں رکھیں اور تحمل مزاجی کا مظاہرہ کریں۔