یکساں نظام تعلیم ایم ایس او کا خواب ہے،درسگاہ اور استاد کے تقدس کو بحال کیے بغیر ترقی ممکن نہیں،رانا ذیشان

ہفتہ 18 جنوری 2020 16:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2020ء) یکساں نظام تعلیم ایم ایس او کا خواب ہے۔درسگاہ اور استاد کے تقدس کو بحال کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی اور فرقہ واریت قومیت اور لسانیت کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ایم ایس او کا انیس ویں یوم تاسیس پر منعقدہ سیمینار سے مقررین کا خطاب۔ MSOکا پلیٹ فارم ملا اور مسٹر کا حسین امتزاج ہے۔

مسلم طلبہ نے آگے بڑھ کر وطن عزیز کی ڈوبتی نائو کو سہارا دینا ہے۔19ویں یوم تاسیس کے موقع پر اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ غلبہ اسلام اور استحکام پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ رانا ذیشان، معروف مذہبی اسکالر مفتی زبیر، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی چیئر مین عافیہ موومنٹ، معروف عالم دین مولانا رب نواز، سینئر تجزیہ نگار طارق شاداب، دانیال حسن، راشد منہاس ، حسن سلیم، مرکزی ناظم مالیات MSO عمر فاروق،سابق امیرشوریٰ صفدر صدیقی،ناظم سندھ عنایت اللہ فاروقی،فیضان شہزاد، ملک اشتیاق، شیرجہان ، راجہ عبد الرازق، سابق ناظم سندھ محمد ارشد رشیدی و دیگر نے MSOکراچی ڈویژن کے زیر اہتمام نیشنل میوزیم آف پاکستان میں منعقدہ ’’تعلیم سے زندگی‘‘ سیمینار میں ذمہ داران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی خوش آئند اور شاندار ملکی مستقبل کی ضمانت ہے۔MSOحکومت سندھ اور وفاق کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ رانا ذیشان کا شاندار استقبال کیا گیا۔