مسلسل کرفیو اور لاک ڈان بھی کشمیر ی عوام کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکے،گورنرسندھ

ہفتہ 18 جنوری 2020 18:29

مسلسل کرفیو اور لاک ڈان بھی کشمیر ی عوام کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکے،گورنرسندھ
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارے دل کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، فروری کو سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر ریلیاں منعقد کی جائیں گی اور ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کریں گے،10 لاکھ بھارتی افواج، مسلسل کرفیو اور لاک ڈان بھی کشمیر ی عوام کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکے۔

ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار گورنرسندھ عمران اسماعیل نے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود کی سربراہی میں 11 رکنی وفد سے گورنرہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی موجود تھے۔ وفد میں سید طاہر حسین شاہ، محمد رستم، محمد معروف، عامر قریشی، سلیم بٹ، عبد القدوس، محمد مشکور، محمد بابر، ممتاز، سردار راشد اور محمد شاہد شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی جاری صورتحال، صوبہ کی ترقی میں کشمیریوں کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور شہریت کے متنازعہ قانون کی شدید مذمت کی گئی۔گورنرسندھ نے کہا کہ بھارت کی جبر و استبداد کی پالیسی ناکام ہو چکی ہیں، کشمیری بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔گورنرعمران سماعیل نے کہا کہ صوبہ میں بسنے والے کشمیری معاشی، سماجی اور معاشرتی ترقی میں بھر پور کردار ادا کررہے ہیں۔