محکمہ سیاحت کے تمام انتظامی معاملات ڈیجیٹل بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں‘عاطف خان

بدھ 22 جنوری 2020 12:58

محکمہ سیاحت کے تمام انتظامی معاملات ڈیجیٹل بنانے کے لیے اقدامات کئے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) سینئر وزیر سیاحت خیبرپختونخوا عاطف خان نے کہا کہ محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کے تمام انتظامی معاملات کو ڈیجیٹل کیا جارہا ہے جن میں خیبرپختونخوا میں موجود ہوٹلز کی رجسٹریشن اور ان کی عالمی تقاضوں کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے رینکنگ، سیاحتی مقامات کی آن لائن رجسٹریشن اور سیاحتی رہنماں کی رجسٹریشن، محکمہ سیاحت کی جدید آن لائن ایپلیکیشن، آن لائن ہوٹل اور گیسٹ ہاوس ریزرویشن، خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے جدید کیمپنگ پوڈ کی آن لائن بکنگ کے علاوہ جدید دیگر سہولیات شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر برائے سیاحت خیبر پختونخوا عاطف خان نے خیبر پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری سیاحت، ایم ٹی آئی ٹی بورڈ خیبر پختونخوا ، موبی لنک پاکستان کے اعلی افسران، ورلڈ بینک پاکستان کے افسران کے علاوہ سائبرڈ پاکستان کے سی ای او نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر وزیر نے کہا کہ سیاحوں کو درپیش مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے حل کے لیے ٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہوئے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ سیاحت موبی لنک پاکستان کے ساتھ مل کر ایک جدید کال سینٹر کا آغاز کررہی ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے آنے والے سیاح بیشتر معلومات کے ساتھ ساتھ در پیش آنے والے مسائل کی شکایات بھی درج کراسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی عملے کے ساتھ ساتھ ٹوریزم پولیس کی مدد سے شکایات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے گا تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی بھی پریشانی درپیش نہ آئے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سیاح محکمہ سیاحت کی موبائل اپلیکشن کے ذریعے خیبرپختونخوا میں موجود دلفریب سیاحتی مقامات کی معلومات کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات سے بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔