ننکانہ صاحب میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن میں تیزی آ گئی

کشادہ سڑکوں اورگلی محلوں کو تجاوزات سے پاک کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے:ڈپٹی کمشنر راجہ منصوراحمد

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جنوری 2020 16:32

ننکانہ صاحب میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن میں تیزی آ گئی
ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء، نمائندہ خصوصی، عبدالقدوس ملک) وزیرا علیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ضلع ننکانہ صاحب میں قبضہ مافیا اور تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے ضلع بھر کی بلدیہ کی انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کریں تاکہ ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کیا جاسکے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز میونسپل کمیٹی کے عملہ نے بھاری مشینری کے ساتھ غلہ منڈی سٹی ننکانہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اور ناجائز تجاوزات کرنے والوں کا سامان تحویل میں لے لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس ویژن کے مطابق شہروں کی کشادہ سڑکوں اورگلی محلوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گرودوارہ جنم استھان سے شہر کی آخری حدوں تک سڑک کے دونوں اطراف سے فٹ پاتھ کو خالی کروایا جائے گا ،دکانات کا سامان باہر رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی شہریوں کو گزرگاہوں کی سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے کہا کہ ناجائز تجاوزات ختم کرنے کا مقصدکسی کے کاروبار کو متاثر کرنا نہیں ہے بلکہ عوام کی سہولت اور کاروبارمیں بہتری کے لیے تجاوزات کا ہٹ جانا نہایت ضروری ہے۔ کشادہ سڑکوں اورگلی محلوں کو تجاوزات سے پاک کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔