پاک بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی میچ سے پہلے سی سی پی او لاہور کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ،بنگلہ دیشی ٹیم کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا

جمعہ 24 جنوری 2020 19:30

پاک بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی میچ سے پہلے سی سی پی او لاہور کا قذافی سٹیڈیم ..
لاہور۔24 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ شروع ہونے سے پہلے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا،انہوں نے سکیورٹی انتظامات چیک کئے جبکہ پولیس افسروں نے سی سی پی او کو بریفنگ دی، سی سی پی او نے تمام اینٹری پوائنٹس اور انکلوژرز کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، بالخصوص بنگلہ دیشی ٹیم کی ہوٹل سے سٹیڈیم منتقلی اور میچ کے دوران مسلسل الرٹ رکھی جائے، انہوں نے اپیل کی کہ کرکٹ شائقین و شہری سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر عملدرآمد میں تعاون کریں، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار حمید نے کہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو حکومت کی طرف سے سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے اور انہیں سکیورٹی بھی اسی لیول کی دی جا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کے روٹ و ہوٹل میں بہترین سکیورٹی انتظامات اورمجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد پولیس افسر اور جوان تعینات کئے گئے ہیں،اسی طرح ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سٹیڈیم کے ارد گرد 6 پارکنگ سٹینڈ بنائے گئے ہیں اور شائقین کرکٹ کو شٹل بس سروس کے ذریعے سٹیڈیم لایا جا رہا ہے، انہوں نے کہاکہ لاہور پولیس نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ سکیورٹی اقدامات سے شہریوں کو کم سے کم تکلیف ہوپہنچے۔