پاکستان ٹینس فیڈریشن کا سالانہ جنرل اجلاس ، ٹینس کی ترقی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 5 مئی 2026 18:07

پاکستان ٹینس فیڈریشن  کا سالانہ جنرل اجلاس ، ٹینس کی ترقی سے متعلق تفصیلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کا سالانہ جنرل اجلاس اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے کی۔ پی ٹی ایف کے سرپرست سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری جنرل فیڈریشن کرنل (ر)ضیاء الدین طفیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پی ٹی ایف مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین اور ملک بھر سے وابستہ یونٹس کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پاکستان میں ٹینس کی ترقی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں خاص طور پر نچلی سطح پر اقدامات، کھلاڑیوں کی تربیت اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر توجہ دی گئی۔ ملک بھر میں ٹینس کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مختلف نئے منصوبوں پر غور کیا گیا اور ان کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وابستہ یونٹس نے اپنے منصوبے پیش کئے اور علاقائی و قومی سطح پر کھیل کے فروغ کے لئے قیمتی تجاویز دیں۔ اجلاس میں پاکستان میں مزید بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد پر زور دینا تھا تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع میسر آئیں، ان کی رینکنگ بہتر ہو اور انہیں عالمی سطح پر آگے بڑھنے میں مدد ملے۔ کونسل نے 12، 14 اور 16 سال سے کم عمر (لڑکے اور لڑکیاں) ٹیموں کے لئے عمر کی اہلیت کے معاملے پر بھی غور کیا اور اتفاق رائے کیا۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن یکم جنوری 2027 سے تمام منتخب کھلاڑیوں کے رسٹ ٹیسٹ کرے گی، اگر کوئی کھلاڑی ایک سال تک زائد عمر کا پایا گیا تو وہ اہل رہے گا تاہم اگر کوئی کھلاڑی ایک سال سے زیادہ زائد عمر کا ہو تو اسے ٹیموں کے لئے منتخب نہیں کیا جائے گا۔ یہی اصول تمام قومی ٹورنامنٹس پر بھی لاگو ہوگا۔ صدر اعصام الحق قریشی نے تمام متعلقہ فریقین کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور پاکستان میں ٹینس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے مؤثر حکمت عملی، باہمی تعاون اور بین الاقوامی سطح پر روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان میں ٹینس کے فروغ اور کامیابی کے لئے سب مل کر کام کریں گے۔