پاکستان بنگلہ دیش میچ سے پہلے سی سی پی او کا قذافی سٹیڈیم کو دورہ

بنگلہ دیشی ٹیم کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا، سکیورٹی بھی اسی لیول کی دی جا رہی ہے‘ذوالفقار حمید

جمعہ 24 جنوری 2020 23:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ شروع ہونے سے پہلے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات چیک کئے۔ پولیس افسروں نے سی سی پی او کو بریفنگ دی۔ سی سی پی او نے تمام اینٹری پوائنٹس اور انکلوژرز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

بالخصوص بنگلہ دیشی ٹیم کی ہوٹل سے سٹیڈیم منتقلی اور میچ کے دوران مسلسل الرٹ رکھی جائے۔ انہوں نے اپیل کی کہ کرکٹ کے شائقین اور شہری سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر عملدرآمد میں تعاون کریں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار حمید نے کہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو حکومت کی طرف سے سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے لہذا انہیں سکیورٹی بھی اسی لیول کی دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مہمان ٹیم کے روٹ اور ہوٹل میں بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد پولیس افسر اور جوان تعینات کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سٹیڈیم کے ارد گرد 6 پارکنگ سٹینڈ بنائے گئے ہیں اور شائقین کرکٹ کو شٹل بس سروس کے ذریعے سٹیڈیم لایا جا رہا ہے۔ لاہور پولیس نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ سکیورٹی اقدامات سے شہریوں کو کم سے کم تکلیف ہو۔ پہلے میچ کے دوران شائقین باآسانی سٹیڈیم پہنچے۔