دہشتگردوں کی گولیوں کو شکست دینے والے امپائر احسن رضا تاریخ رقم کرنے کے قریب

تیسرے ٹی ٹونٹی میں 50 میچز مکمل کرنیوالے پہلے امپائر بنیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 26 جنوری 2020 19:20

دہشتگردوں کی گولیوں کو شکست دینے والے امپائر احسن رضا تاریخ رقم کرنے ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26جنوری 2020ء ) پاکستانی امپائر احسن رضا ایک اہم اعزاز اپنے نام کرنے کے قریب پہنچ گئے ، کل ٹی 20 انٹرنیشنل میں میچ سپروائز کرنے کی نصف سنچری مکمل کرلیں گے ، احسن رضا ٹی 20 انٹر نیشنل میں 50میچ سپروائز کرنے والے دنیا کے پہلے امپائر ہوں گے۔46سالہ احسن رضا 29 مئی 1974ء کو لاہور میں پیدا ہوئے ،انہوں نے انٹر نیشنل کرکٹ میں بطور امپائر ڈیبیو سال 2010 میں کیا جب 16 فروری کو افغانستان اور کینیڈا کے مابین ون ڈے میچ کھیلا گیا ۔

وہ اب تک 36 انٹر نیشنل ون ڈے میچز میں بطور امپائر فرائض انجام دے چکے ہیں ، انہوں نے آخری ون ڈے میچ میں 15 فروری 2019 کو فرائض انجام دیے ، یہ میچ متحدہ عرب امارات اور سکاٹ لینڈ کے مابین دبئی کے مقام پر کھیلا گیا تھا۔اب تک49 ٹی 20 میچز میں امپائر کے فرائض انجام دینے والے احسن رضا نے ٹی 20 میچز میں بطور امپائر ڈیبیو 26 اکتوبر 2010ء میں کیا ، اس میچ میں پاکستان اور ساؤتھ افریقہ ابو ظہبی کے مقام پر مقابل ہوئے تھے ، جب کہ انہوں نے اب تک آخری میچ میں فرائض پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش لاہور قذافی اسٹیڈیم میں 25 جنوری 2020ء کو انجام دیے ۔

(جاری ہے)

اس فہرست میں دوسرا نمبر پر پاکستانی امپائر علیم ڈار کا ہے جنہوں نے اب تک 46 ٹی ٹونٹی میچز میں بطور امپائر خدمات سرانجام دی ہیں جب کہ پانچواں نمبر شوزیب رضا کا ہے جنہوں نے36 ٹی ٹونٹی میچز میں امپائرنگ کررکھی ہے-