وزیر زراعت نے منسٹر بلاک میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا

ٴعوام کا اپنے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں میں آنا حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے : نعمان لنگڑیال

منگل 28 جنوری 2020 21:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمدلنگڑیال نے منسٹر بلاک میں کھلی کچہری کا انعقاد کر کے کئی گھنٹے تک عوام کے مسائل سنے اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔ چیچہ وطنی سے تحریک انصاف کے رہنما فیصل لنگڑیال ، مخزن ڈیال اور ممبر صوبائی اسمبلی خالد وارل نے بھی صوبائی وزیر ملک نعمان ا حمد لنگڑیال سے ملاقات کرکے حلقہ کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا جنہیں حل کرانے کی یقین دہانی کرادی گئی ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیر اعلی کی ہدایات پر اسی تناظر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عوام کی بڑی تعداد کا اپنے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریوں میں آنا حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے اور اسے ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جس طرح بے پناہ مشکلات کے باوجود عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں اس سے ہمیں بھی رہنمائی ملتی ہے اور جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔ ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے تمام محکموںکو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ، سرکاری محکموں کے سربراہان ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران سائل کو عزت دیں تاکہ انہیں محسوس ہو کہ عمران خان کی قیادت میں ملک میں مثبت تبدیلی آئی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ کھلی کچہری میں پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکموںکے حوالے سے شکایات ملی ہیں جن کے ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے سے چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اس کے لئے عملی پیشرفت جاری ہے ۔