ورلڈ بینک کے نمائندہ وفد کی ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے ملاقات

نالے کا فضلہ ٹریٹمنٹ کرنے کے لئے جام چاکرو پر 4 ایکڑ پر مشتمل جگہ مختص کی جائے گی، آصف اکرام

جمعہ 14 فروری 2020 21:33

ورلڈ بینک کے نمائندہ وفد کی ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے ملاقات
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ آصف اکرام سے ورلڈ بینک کے نمائندہ وفدنے ملاقات کی ۔ملاقات میں مون سون بارش سے قبل نالوں کی صفائی اور نالوں سے نکلنے والے فضلے کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ بنانے کے لئے، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈنے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جام چاکرو پر 4 ایکڑپر مشتمل جگہ مختص کی جائے گی۔

اس موقع پر ورلڈ بینک کے نمائندہ وفد نے ایم ڈی کو پروجیکٹ سوئیپ (SWEEP) کے حوالے سے مکمل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے مختص کی گئی جگہ کو عارضی طور پرباؤنڈری وال کرکے نالے کی صفائی کے بعدان سے نکلنے والے فضلہ کوباؤنڈری وال کے اندر پھینکا جائے گا بعدازاں نالے کے فضلے کا ٹریٹمنٹ کرکے ماحول کو آلودگی سے محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس پروجیکٹ میں ٹیکنیکل تعاون کے علاوہ متعلقہ ماہرین اور دیگر عملے کی تعیناتی بھی شامل ہے۔علاوہ ازیں عوامی آگاہی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے جبکہ نالوں کی صفائی کے کام کا آغاز اپریل سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تعاون سے اس پروجیکٹ کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ جبکہ ایم ڈی آصف اکرام نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کراچی کی صفائی ستھرائی کے لئے انفراسٹرکچر کی ترقی اورتکنیکی صلاحیتوں کی بہتری میں ورلڈ بینک کا تعاون یقینی ہے۔

اس موقع پر ورلڈ بینک کے نمائندہ وفد میں اربن ڈیویلپمنٹ اسپیشلسٹ سوہیب رشید، سینئر انوائرمنٹ اسپیشلسٹ مسٹر ٹاکیاکی، سینئر پروکیورمنٹ اسپیشلسٹ اعظمی صدف،اور ایکسٹرنل افیئرز آفیسر مہرین سعیدموجود تھے۔