زینب الرٹ بل کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانے کی منظوری

اس بل کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانا اٹھارویں ترمیم کی خلاف ورزی ہو گی، سینیٹر قرت العین مری

Khurram Aniq خُرم انیق پیر 17 فروری 2020 16:27

زینب الرٹ بل کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانے کی منظوری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-17فروری2020ء) قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے انسانی حقوق نے زینب الرٹ بل کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانے کی ترمیم کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد پورے ملک میں اس کے تحت کام کیا جائے گا۔پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر قرت العین مری نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ زینب بل الرٹ کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلانے کا مطلب اٹھارویں تریم کی خلاف ورزی ہو گی۔

یاد رہے کہ جنوری 2020 میں وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر زینب الرٹ بل کی منظوری دی تھی جس پر ابتدائی طور پر صرف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کام ہو رہا تھا۔ لیکن اب قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے انسانی حقوق نے اس کا دائرہ کار پورے ،ملک تک بڑھانے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد یہ قانون پورے ملک میں لاگو ہو گا ۔

(جاری ہے)

زینب الرٹ بل پاکستان میں بڑھتے ہوئے بچوں سے زیادتی کے واقعات کو روکنے کے لئے بنایا گیا تھا۔

اس بل کا نام ننھی زینب کے نام سے منسوب ہے جسے دو سال قبل قصور میں درندگی کا نشانہ بنا کر مار دیا گیا تھا۔یہ وہ وقت تھا جب پورا ملک ایک پیج پر آگیا تھا۔زینب الرٹ بل کے مطابق ایل ہیلپ لائن بنائی جائے گی جس پر بچوں کی گمشدگی کے حوالے سے اطلاع دی جائے گی اور فوری طور پر کارروآئی کا آغاز کیا جائے گا۔منظور کردہ بل کے مطابق بچوں سے زیادتی کرنے والے شخص کو عمر قید یا پھر 10 سے 14 سال کی قید کی سزا دی جائے گی۔

اس کے علاوہ ملزم کو 10 لاکھ جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔بل کے مطابق بچوں کی گمشدگی کا فیصلہ 3 ماہ کے اندر اندر ہو گا اور فوری کارروآئی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا جائے گا۔ابتدائی طور پر پیش کردہ بل میں ملزم کے لئے سزائے موت اور ایک سے دو کروڑ روپے کا جرمانہ عائد ہوا تھا لیکن بعد میں اس میں ترمیم کرتے ہوئے جرمانے کو 10 لاکھ کر دیا گیا تھا ۔