پی ایس ایل5 میں بھی پنجابی میں کمنٹری ہونی چاہئے، وہاب ریاض

کبڈی پنجابیوں کا کھیل ہے ، کبڈی میچز میں جب پنجابی میں کمنٹری ہو رہی تھی تو بہت اچھا لگ رہا تھا: قومی پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 فروری 2020 12:27

پی ایس ایل5 میں بھی پنجابی میں کمنٹری ہونی چاہئے، وہاب ریاض
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19فروری2020ء ) قومی فاسٹ باولر وہاب ریاض نے قومی کبڈی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس کوئی بھی ٹائٹل آئے اس سے زیادہ خوشی کی بات کوئی نہیں ہو سکتی۔ قومی کھلاڑی وہاب ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی کے ورلڈ کپ میں پنجابی میں کمنٹری سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ کبڈی پنجابیوں کا کھیل ہے اور کبڈی میچز میں جب پنجابی میں کمنٹری ہو رہی تھی تو بہت اچھا لگ رہا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہنجابی میں کمنٹری سن کر ہی میں نے مشورہ دیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے میچز میں بھی پنجابی میں کمنٹری ہونی چاہئے۔
وہاب ریاض نے کہاکہ جب بھی کوئی میچ یا ٹائٹل جیتا جاتا ہے تو اس میں کسی ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی محنت ہوتی ہے۔ کبڈی ٹیم کی جیت میں فہد چشتی کے ساتھ پوری ٹیم نے بھرپور حصہ لے کر پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوں نے کبڈی کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی کبڈی نہیں کھیلی لیکن مجھے اسے کھیلنے کا بہت شوق ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز جمعرات سے ہوگا اور فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلا جائے گا-