محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے گریڈ 17کے تین ڈاکٹروں،بینک کے سابق منیجر اور کیشئر کولاکھوں روپے کا ٹیکہ لگانے کے جرم میں گرفتار کر لیا

ہفتہ 22 فروری 2020 14:27

محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے گریڈ 17کے تین ڈاکٹروں،بینک کے سابق منیجر ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے گریڈ 17کے تین ڈاکٹروں،بنک کے سابقہ منیجر اور کیشئر کولاکھوں روپے کا ٹیکہ لگانے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔ملزمان تحصیل ہیڈکوارٹر نورپورتھل کے لیے مختلف آٹیمز کی خریداری میں اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازتے ہوئے نجی بنک میں جعلی اکاونٹ کھلوا کر 38لاکھ 96 ہزار5 سو 15روپے خرد بردکیے۔

زرائع کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کو معلوم ہوا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال نور پور تھل میں مختلف آٹیمز کی خریداری ناقص اور بازار سے زیادہ قیمت پر کی گئی ہے اس کے علاوہ ہسپتال کے اندر شیڈ تعمیر کیے گئے ہیں جن کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کرکے ،تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈاکٹروں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے حکومت پنجاب کے لاکھوں روپے جعل سازی سے خردبردکئے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر ریجنل ڈائریکٹر انکوائری کر کے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا اور مقدمہ کی تفتیش محمد خرم انوار اسسٹنٹ ڈائریکٹر(تفتیش) کے سپرد کی۔جس کی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ سال2018 میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے مختلف آٹیمز کی خریداری کے لئیجاوید ممتاز سابقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، تحصیل ہیڈ کوارٹر نورپورتھل کی سربراہی میں پرچیز کمیٹی بنائی گئی جس نے اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازتے ہوئے خریداری مانگے داموں کی اورناقص اشیاء خرید کی گئی جس سے حکومت پنجاب کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا، ملزمان نے ہسپتال کے اندر مختلف شیڈ تعمیر کروائے جن کی تعمیر میں بھی ناقص میٹریل استعمال کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا، اس کے علاوہ ڈاکٹر جاوید ممتاز سابقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے یوبی ایل بنک نورپور تھل کے منیجر تنویر احمداور کیشئر مشتاق احمد سے ملی بھگت کر کے جعلی اور بوگس بنک آکاؤنٹ تصور عباس کے نام سے کھولا جس کے اکاؤنٹ میں سرکاری رقوم جعلی سازی سی38لاکھ96ہزار5سو15روپے ٹرانسفر کر کے خردبرد کئے گئے۔

جس پرریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھانے ملزمان کیخلاف جوڈیشل ایکشن منظور کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تو عاطف شوکت اسسٹنٹ ڈائریکٹر (تفتیش)اینٹی کرپشن خوشاب نے ڈاکٹر علیم حیدر،سابقہ میڈیکل آفیسر، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال نورپورتھل، ڈاکٹر عدنان طیب، کوالٹی انشورنش آفیسر، فدا حسین، فارما سسٹ،تنویر احمد، منیجر یوبی ایل بنک نورپور تھل اور مشتاق احمد، کیشئر یوبی ایل بنک نورپو ر تھل کو گرفتار کر لیاجبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔