پی ایس ایل5، کراچی کنگزکا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے لیے157رنز کا ہدف

کراچی کنگز کا کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 23 فروری 2020 15:59

پی ایس ایل5، کراچی کنگزکا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے لیے157رنز کا ..
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے لیے157رنز کا ہدف دیا ہے۔کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو بابر اعظم کے ساتھ شرجیل خان میدان میں اترے۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 31رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم گزشتہ میچ کے برعکس ابتدائی اوورز میں کراچی کنگز کے بلے بازوں کو زیادہ کھل کر بیٹنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

میچ کے دوران اس وقت ایک تنازع کھڑا ہوا جب نسیم شاہ کی گیند پر بابر اعظم کے خلاف کیچ کا تنازع کھڑا ہوا۔گلیڈی ایٹرز نے بابر کے خلاف کیچ کی اپیل کی لیکن امپائر کی جانب سے آؤٹ نہ دیے جانے پر ریویو لے لیا تاہم اس اصل ڈرامائی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب امپائر نے کافی دیر انتظار کے باوجود اسنیکو ٹیکنالوجی دستیاب نہ ہونے پر شک کا فائدہ بلے باز کو دیتے ہوئے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

اس مرحلے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور سٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا جبکہ سرفراز نے بھی معاملے پر امپائرز سے کافی بحث کی لیکن فیصلہ تبدیل نہ ہوا۔ اگلے اوور میں ٹائمل ملز نے بابر اعظم کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم پہلی کامیابی دلا دی، بابر نے آؤٹ ہونے سے قبل 26رنز بنائے۔شرجیل خان پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور 12گیندوں پر 6 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

ایلکس ہیلز نے ایک اینڈ سے اطمینان سے بیٹنگ کی لیکن دوسرے اینڈ سے کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور اس دوران وہ آؤٹ ہونے سے بھی بال بال بچے جب باؤنڈری پر سہیل خان ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے اور وہ باؤنڈری کے پار چلی گئی،تاہم وہ اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور اگلے اوور میں چھکا مارنے کی کوشش میں سہیل خان کی گیند پر نواز کو کیچ دے بیٹھے جبکہ اگلے اوور میں حسنین کی کاوش سے چیڈوک والٹن بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

کراچی کنگز کو مشکل وقت میں ایلکس ہیلز سے بڑی اننگز کی امید تھی لیکن وہ بھی صرف 29رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی وکٹ بن گئے،گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے کپتان عماد وسیم بھی اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 8رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

عماد وسیم نے کہا کہ ہم نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور محمد رضوان کی جگہ ایلکس ہیلز کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی کنگز ایک اچھی ٹیم ہے جس میں بابر اعظم جیسے کھلاڑی موجود ہیں اور ہم انہیں کم سے کم رنز پر آؤٹ کر کے ہدف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم آج تین غیرملکی کھلاڑیوں سے کھیل رہے ہیں اور ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

سرفراز نے بتایا کہ گلیڈی ایٹرز میں احسان علی کی جگہ نسیم شاہ اور فواد احمد کی جگہ انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔کراچی کنگز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو شکست دی تھی اور گلیڈی ایٹرز نے بھی ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا تھا لیکن انہیں دوسرے میچ میں پشاور زلمی کے ہاتھوں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔