ایف بی آر اور تاجروں پر مشتمل ٹیکس سروے ٹیمیں متنازعہ ہوگئی ہیں،آل کراچی تاجراتحاد

تاجروں کی نمائندگی کے طور پر شامل کیئے جانیوالے 80فیصد سے زائد افراد کسی بھی مارکیٹ کی نمائندگی نہیں کرتے،عتیق میر

پیر 24 فروری 2020 17:57

ایف بی آر اور تاجروں پر مشتمل ٹیکس سروے ٹیمیں متنازعہ ہوگئی ہیں،آل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) ایف بی آر اور تاجروں پر مشتمل ٹیکس سروے ٹیمیں متنازعہ ہوگئی ہیں، تاجروں کی نمائندگی کے طور پر شامل کیئے جانیوالے 80فیصد سے زائد افراد کسی بھی مارکیٹ کی نمائندگی نہیں کرتے، ملک بھر سے 3ہزار سے زائد ایسے افراد کو شامل کیا گیا جن میں بیشتر خود بھی ٹیکس دہندہ نہیں ہیں، غیرنمائیندہ افراد کے ہمراہ آنے والی ٹیکس ٹیموں کو مارکیٹوں میں داخل نہیں ہونے دیا جائیگا جبکہ تاجروں کے حقیقی نمائیندوں کے ساتھ ٹیکس عملے سے مکمل تعاون اور انھیں مارکیٹوں میں خوش آمدید کہا جائیگا یہ اعلان آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے گذشتہ روز آرام باغ میں جنید کلاتھ مارکیٹ ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری اور الائینس آف آرام باغ مارکیٹس ایسوسی ایشن میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر الائینس کے چیئرمین آصف گلفام، شیخ عالم، تنویر پاستا، کاشف سلاٹ، عبدالقادر مستان، دلشاد بخاری، حسن آغا، حماد شیخ، امان اللہ شاہ،ضیاء عمر سہگل، انجم موسانی، جنت گل، فرحان سعید، محمد عمیر، سلیمان جیوانی، یوسف خان، ناصر مکانی،یعقوب بالی اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ عتیق میر نے جنید کلاتھ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران عامر شیخ(صدر)، شاہد خان(نائب صدر) ، غلام عباس(جنرل سیکریٹری، محّب اللہ (جوائنٹ سیکریٹری سے ان کے عہدوں کا حلف لیا، عتیق میر نے کہا کہ آل کراچی تاجر اتحاد نے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ سے تعاون کیلئے کراچی کی مارکیٹوں سے حقیقی نمائیندوں کے نام طلب کرلیئے ہیں جو کہ اپنی اپنی مارکیٹوں سے ٹیکس دہندگان کی تفصیلات جمع کرینگے اور چھوٹے تاجروں کو زیادہ سے زیادہ ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کی کوشش کرینگے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایف بی آر کے عملے کو کسی بھی ایسے اقدام کی اجازت نہیں دی جائیگی جس سے تاجروں میں غلط فہمی، بدگمانی اور اشتعال انگیزی کی فضاء پیدا ہو اور ایف بی آر تاجر مذاکرات متاثر ہونے کا خطرہ ہو، انھوں نے تاجر برادری سے کہا کہ ایف بی آر کی سروے ٹیموں سے جائز تعاون کے ساتھ ساتھ تاجروں کے خلاف کسی بھی زیادتی کا دفاع کیا جائے، الائینس آف آرام باغ مارکیٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین آصف گلفام نے کہا کہ ایک ہزار مربعہ فیٹ کی اراضی پر کیا جانے والا کاروبار، ایئرکنڈیشن شاپنگ مال کی دکانوں کو سیلزٹیکس سسٹم میں شامل کرنے اور 50 ہزار روپے کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط کے باعث تاجروں میں تحفظات پائے جاتے ہیں، ایف بی آر نے ان مسائل کو حل کیئے بغیر ٹیکس سروے ٹیموں کو مارکیٹوں میں بھیجا تو انھیں مشکلات پیش آسکتی ہیں، انھوں نے کہا کہ حکومت اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں ملک بھر کے تاجروں میں ٹیکس نیٹ میں شمولیت کا جذبہ پیدا ہوگیا ہے ایف بی آر نے اس موقع سے فائدہ نہ اٹھایا تو مستقبل میں ٹیکس کلچر مزید تباہ ہوجائیگا جوکہ قطعی طور پر ملک کے مفاد میں نہیں ہوگا۔