پشاور: ایف بی آر نے غیر قانونی سگریٹ کے 1090کارٹن نذر آتش کردیئے

ساڑھے تین کروڑ روپے مالیت کی برینڈڈ اور مقامی سگریٹ نذر آتش کی گئیں، ایف بی آر سمگلنگ کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے ،مشن کی تکمیل کر کے رہیںگے ،ریجنل چیف کمشنر ٹیکس آفس

منگل 25 فروری 2020 15:06

پشاور: ایف بی آر نے غیر قانونی سگریٹ کے 1090کارٹن نذر آتش کردیئے
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس سردار علی خواجہ نے کہا ہے کہ انکے ادارے نے ملک سے سمگلنگ کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس مشن کی تکمیل میں کسی رکاوٹ کو آڑے آنے نہیں دیا جا ئے گا ، وہ منگل کے روز پشاور میں کسٹمز حکام کی طرف سے قبضے میں لئے گئے غیر قانونی سگریٹس نذر آتش کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ، انھوں نے کہا کہ ایف بی آر حکام و اہلکار بشمول کسٹمز اہلکار اور افسران پوری طرح چوکس ہیں اور صوبے بھر میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بروقت کارروائیاں کی جا رہی ہیں ، انھوں نے کہا کہ سمگلنگ کے قلع قمع اور سمگلرز کا راستہ روکنے کیلئے ادارے نے جدید خطوط پر خصوصی انتظامات کئے ہیں جن پر عمل درآمد کے نتیجے میں نہ صرف سمگلرز کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا بلکہ انکے لئے مختلف اشیائے کی سمگلنگ بھی مشکل سے مشکل تر ہو رہی ہے ، انھوں نے کہا ادارے کے اینٹی سمگلنگ سکواڈز کامیاب کارروائیوں کے دوران سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا کر سمگل کی جانے والی اشیاء قبضے میں لے رہے ہیں ، انھوں نے کہا کہ ہم ملک کو سمگلنگ سے پاک کریں گے، انھوں نے بتا یا کہ گزشتہ 10 ماہ میں ہماری ٹیم نے 1090 کے قریب غیر قانونی اور سمگل شدہ سگریٹ پیکٹس قبضے میں لیے،چیف کمشنر نے کہا کہ ہم اشیاء صرف کی غیر قانونی تجارت کے خلاف پر عزم ہیں اور اس کا خاتمہ کر کے دم لیںگے ، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانا قومی فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

ہر پاکستانی اس فریضے کی ادائیگی یقینی بنا ئے انھوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے گوشوارے وقت پر جمع نہیں کرا رہے ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی ،اس موقع پر مذکورہ 1090غیر قانونی سگریٹس کے پیکٹس نذر آتش کئے گئے جن کی مالیت ساڑھے تین کروڑ روپے بنتی ہے ،یہ پیکٹس پچھلے دس ماہ کے دوران پشاور میں رنگ روڈ پر مختلف کارروائیوں کے دوران قبضے میں لئے گئے تھے ، اس موقعے پر ڈائیریکٹر انٹیلی جنس عابد محمود،ریجنل کمشنر ایف بی آر ارباب طارق ،ریجنل کمشنر محمد ایاز اور ریجنل کمشنر طارق جمال بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر اینڈ لینڈ ریونیوطارق جمال نے کہاکہ قانون کے دائرے میں سیگریٹ کے کاروبار کی حوصلہ افزائی کی جائیگی‘ تاہم بغیر ڈیوٹی اوربغیر سیل ٹیکس ادا کیے غیر قانونی سیگریٹس کی نقل وحرکت کی اجازت نہیں دی جائیگی اور اس روجحان کیخلاف پوری شدت سے کاروائی جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :