خانہ کعبہ میں بارش کے مناظر کی ویڈیو وائرل ہو گئی

گزشتہ روز مکہ مکرمہ میں ہونے والی بارش کے باعث موسم بہت خوشگوار ہو چکا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 فروری 2020 11:07

خانہ کعبہ میں بارش کے مناظر کی ویڈیو وائرل ہو گئی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26فروری 2020ء) سعودی عرب میں اس بار سرد موسم نے زائرین اور سعودیوں کے اچھے خاصے کڑاکے نکلوا دیئے ہیں۔ تاہم گزشتہ ہفتے درجہ حرارت میں ایک بار پھر شدت آ گئی تھی اور امکان یہ تھا کہ گرمی بس آنے ہی والی ہے۔ مگر کل صبح مکہ اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش نے آتی ہوئی گرمی کو واپس بھیج دیا ہے۔ ایک بار پھر سعودی عرب میں موسم سرد ہو چکا ہے۔

گزشتہ روز حر م کعبہ میں جب ابر رحمت برس پڑا تو یہاں موجود لاکھوں زائرین خوشی سے جھُوم اُٹھے اور اس خوشگوار موسم پر اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شُکر ادا کیا۔ عاجل ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ روز صبح سے ہی آسمان بادلوں سے گھر گیا تھا، جس کے بعد سارا دن کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

جس کے باعث موسم بہتر ہو گیا اور گرمی کے ستائے زائرین نے بہت لطف اور مزے کے ساتھ کعبے کا طواف کیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جدہ کے علاوہ، طائف، اللیث، خلیص اور میسان کے علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔حائل ریجن میں منگل کوموسم گرد آلود ہوگیا اور بہت تیز ہوائیں چلتی رہیں۔ کئی مقامات پر ان تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے کھمبے اُکھڑ جانے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران شاہراہوں پر نصب بورڈز کے نیچے کھڑے نہ ہوں۔

شہروں کے رہائشی پُر خطر مقامات کا رُخ نہ کریں۔ خصوصاً وادیوں اور نشیبی علاقوں میں جانے سے حتی الامکان گریز کیا جائے ۔ کیونکہ کئی علاقوں میں طغیانی کی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔ خصوصاً ڈرائیور حضرات بھی بارش کے دوران سفر کرنے سے اجتناب کریں اور گرد آلود موسم میں بھی ہائی وے کے سفر سے گریز کیا جائے۔