پی ایس ایل 5، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو6 وکٹوں سے ہرادیا

روسوو اور خوشدل شاہ کی شانداربلے بازی،سہیل تنویرکے 4 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 فروری 2020 22:11

پی ایس ایل 5، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو6 وکٹوں سے ہرادیا
ملتان(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ 5کے دوسرے مرحلے کے پہلے مقابلے میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6وکٹوں سے شکست دیدی ۔124 رنز کےہدف کے تعاقب میں جیمز ونس اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا، ونس 5 رنز پر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد معین علی بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان شان مسعود بھی صرف 8 رنز ہی بناسکے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف نے وہاب ریاض کو مسلسل 3 گیندوں پر 3 چوکے رسید کیے تاہم اگلے اوور میں وہاب ریاض نے انہیں 12 رنز پر پویلین واپس بھیج کر اپنا حساب چکتا کردیا۔
اس سے پہلے پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں شاہد آفریدی کے عمدہ کیچ نے ٹام بینٹن کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

(جاری ہے)

کامران اکمل نے اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے چند اچھے شاٹس کھیل کر حیدر علی کے ہمراہ سکور کو 35تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر وہ 15رنز بنانے کے بعد سہیل تنویر کا نشانہ بن گئے، چھٹے اوور کا آغاز پشاور زلمی کے لیے تباہ کن ثابت ہوا اور محمد الیاس نے پہلی گیند پر شعیب ملک کو وکٹوں کے عقب میں کیچ کرانے کے ایک گیند بعد ہی لیام لیونگسٹن کو بھی وکٹ کیپر ذیشان اشرف کی مدد سے قابو کر لیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود نوجوان حیدر علی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور لیام ڈاسن کے ہمراہ 5ویں وکٹ کے لیے 44رنز کی شراکت قائم کی۔اس موقع پر سہیل کی گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں حیدر کی 47رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔لیام ڈاسن اور وہاب ریاض نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی جس کے بعد دونوں کھلاڑی 102 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، ڈاسن نے 22رنز بنائے۔

ڈیرن سیمی مستقل جدوجہد کرتے نظر آئے اور 13 گیندوں پر صرف دو رنز بنانیوالے پشاور زلمی کے کپتان محمد عرفان کی دوسری وکٹ بن گئے،اس کے بعد سلطانز کو زلمی کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 9گیندوں قبل ہی 123رنز پر ڈھیر ہو گئی۔سلطانز کی طرف سے سہیل تنویر 4وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد عرفان اور محمد الیاس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔شان مسعود نے کہا کہ یہ ایک نئی پچ ہے اور اس پر ایک عرصے سے کوئی میچ نہیں کھیلا گیا اس لیے ہم ٹاس جیت کر پہے باؤلنگ کر رہے ہیں۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے لیکن اصل چیز بورڈ پر اچھا سکور سجانا ہے اور ہم اسکی پوری کوشش کریںگے۔

ملتان سلطانز اور پشاور زلمی دونوں نے ہی گزشتہ میچ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے جس کیساتھ ہی ملتان میں 12سال کے طویل عرصے کے بعد کسی انٹرنیشنل طرز کے مقابلے کا انعقاد ہو گا۔پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی دونوں نے دو، دو میچز کھیلے ہیں اور دونوں ٹیموں نے ایک، ایک میچ میں فتح حاصل کی اور دوسرے میں شکست ہوئی۔