کانسٹیبل کی قوت گویائی اور سماعت سے محروم بچیوں کے لیے سپیچ پروسیسر خریداری کے لیے 4,97,000 روپے جاری

جمعرات 27 فروری 2020 19:25

رحیم یارخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) ایس ایس پی پٹرولنگ شریف جٹ نے کانسٹیبل کی قوت گویائی اور سماعت سے محروم بچیوں کے لیے سپیچ پروسیسر خریداری کے لیے 4,97,000 روپے جاری کر دئیے۔ پی ایچ پی جی ایم شہید پر تعینات کانسٹیبل نوید قمر کی دو بیٹیاں پیدائشی طور پر گونگی بہری ہیں۔ ڈاکٹر کی تجویز پر محمکمہ نے کانسٹیبل کی درخواست پر فنڈز جاری کئے۔

تفصیل کے مطابق پٹرولنگ پوسٹ غلام محی الدین شہید پر تعینات کانسٹیبل نوید قمر کی دو بیٹیاں قوت سماعت اور گویائی سے محروم ہیں جن کے علاج کے لیے کانسٹیبل نے کافی تگ و دو کی اور آخر کار ڈاکٹرز نے مصنوعی آلات ایکسٹرنل ہیرینگ ڈیوائس اور سپیچ پروسیسر کو مسئلہ کا حتمی حل تجویز کیا لیکن ان آلات کی قوت خرید نارکھنے کے باعث کانسٹیبل نے محکمہ کو درخواست دی کی ویلفئیر فنڈ سے اس کی مدد کی جائے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس بہاولپور رینج شریف جٹ کی خصوصی دلچسپی اور سفارش پر محکمہ نے چارلاکھ ستانوے ہزار روپے کا فنڈ جاری کیا جس پر گزشتہ روز ایس ایس پی نے مذکورہ رقم کا چیک کانسٹیبل کے حوالے کر دیا جس پر کانسٹیبل نے ایس ایس پی محمد شریف جٹ اور محکمہ کے اعلی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس خصوصی تعاون سے اس کی بچیاں ان آلات کو استعمال لا کر اپنی تعلیم اور دیگر معمولات زندگی اچھے طریقہ سے سر انجام دے سکیں گی اور زندگی کی دوڑ میں دوسرے عام افراد کی طرح شامل ہو جائیں گی۔

جس پر ایس ایس پی شریف جٹ نے کہا کہ محکمہ اہلکاروں کی ویلفئیر کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے بس اہلکار اپنے فرائض منصبی پر فوکس رکھیں کسی بھی صورت حال میں اہلکاروں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔