پی ایس ایل5،بین کٹنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کاٹ کررکھ دیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 فروری 2020 22:44

پی ایس ایل5،بین کٹنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کاٹ کررکھ دیا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا-کوئٹہ گلیڈٰی ایٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز جیسن روئے اور شین واٹسن نے ٹیم کو 41رنز کا آغاز فراہم کیا، واٹسن 8رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔جیسن روئے نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا لیکن احمد شہزاد شاداب کودو چھکے مارنے کے بعد تیسرے چھکے کی کوشش میں انہی کی گیند پر سٹمپ ہو گئے،گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ اعظم خان اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور احمد صفی عبداللہ کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

جیسن روئے نے نصف سنچری سکور کی لیکن اس کے بعد فوراً بعد وہ چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد کی اننگز کا بھی 133 رنز کے مجموعے پر خاتمہ ہوگیا اور وہ 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد تجربہ کار بین کٹنگ نے موقع کی مناسبت سے جارحانہ بلے بازی کی اور آخری اوور کی چوتھی گیند پر کوئٹہ کی کشتی پار لگادی۔وہ محض 17 گیندوں میں 42 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جبکہ محمد نواز 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،یوں کوئٹہ نے 188 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی دو گیندوں پر لیوک رونکی نے چوکا اور چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن اگلے اوور میں نسیم شاہ نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ڈیوڈ ملان نے 10رنز ہی بنائے تھے کہ نسیم شاہ نے ان کو بھی باؤلڈ کر کے پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔کولن منرو ایک مرتبہ پھر خطرناک فارم میں نظر آئے لیکن محمد حسنین کو چھکا مارنے کے بعد دوبارہ اسی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ ہو گئے، انہوں نے 3چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد کولن انگرام اور کپتان شاداب خان ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور کوئٹہ کو بڑا ہدف دینے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 76 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی جس کے بعد شاداب خان 39 رنز بنا کر 132 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے،کولن انگرام نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود مقررہ اوورز میں ٹیم کا مجموعہ 187 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 63 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی،اسلام آباد نے یہ مجموعہ 7 وکٹوں کے نقصان پر بنایا اور اس کے دیگر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں آصف علی، عماد بٹ اور فہیم اشرف شامل تھے جنہوں نے بالترتیب 15، 6 اور 4 رنز بنائے۔کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹائمل ملز نے 2، 2 جبکہ محمد حسنین اور بین کٹنگ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

۔ اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ پر تھوڑا گھاس ہے اور ہمارے پاس اچھے باؤلرز بھی ہیں لہٰذا ہم ان سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریںگے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ یہ ایک تازہ وکٹ ہے جس پر زیادہ سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کریں گے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے انور علی کی جگہ بین کٹنگ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی ایک تبدیلی کرتے ہوئے رومان رئیس کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔