پی ٹی وی کا ہنرمندوں اور باصلاحیت کارکنوں کو عالمی معیار کے کورسزکرانے کا فیصلہ

اتوار 1 مارچ 2020 22:55

اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2020ء) پی ٹی وی کو عالمی معیار کے چینلز کی صف میں لانے کے لیے پی ٹی وی نے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن نے اپنے ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختلف شعبوں کے ہنرمندافراد کے لیے عالمی معیار کے کورسز کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی وی کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام سے شعبہ نیوز، کرنٹ افیئرز، انجینئرنگ،فنانس، مارکیٹنگ اور ہیومن ریسورس سمیت دیگر شعبوں کے ماہرین کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا ہوگا۔

پاکستان ٹیلی وژن کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور کی طرف سے مختلف شعبوں کے سربراہان کو اپنے اپنے شعبوں کے باصلاحیت افراد کے کوائف ادارے کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر طاہر مشتاق کے پاس پہنچانے کی ہدایات پر عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

مسابقت کی موجودہ فضا میں میڈیا کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نئی مہارتوں سے آگہی انتہائی ضروری ہے۔ پی ٹی وی وہ قومی ادارہ ہے جو پاکستان میں صوتی و بصری امتزاج سے مزین الیکٹرانک میڈیا کی بنیاد بنا۔

سکرین سے وابستہ سینکڑوں شخصیات کو عالمی شہرت اور شناخت دینے کا اعزاز اس چینل کو حاصل ہے۔گزشتہ دو دہائیوں کے دوران چینلز میں اضافے کے ساتھ ساتھ ترجیحات میں بھی تبدیلی آئی ہے اور مقابلے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا کے حوالے سے عالمی سطح پر نئی تحقیق اور تکنیکیں متعارف کرائی جارہی ہیں۔ پی ٹی وی کا مذکورہ فیصلہ ملازمین کو نئی جہتوں سے آشنائی میں معاون و مددگار ثابت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :