ٹیلدار اجناس کی پیداوار کے قومی منصوبے کے تحت زرعی آلات و مشینری کی رعایتی قیمت پر فراہمی کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب

جمعرات 5 مارچ 2020 23:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2020ء) وزیر اعظم عمران خان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت تیلدار اجناس کی پیداوار کے فروغ کے قومی منصوبہ کے تحت 50فیصد رعایتی قیمت پر کاشتکاروں کو پلانٹر/ڈرل،تھریشر اور کمبائن ہیڈر فراہم کئے جا رہے ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق صوبہ بھر سے ایسے کاشتکار جو25 ایکڑ تک ذاتی زمین ،مزارع یاٹھیکیدار ہوں اور کم از کم50 ہارس پاور ٹریکٹر کے مالک ہوں وہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے زرعی رقبہ کی مشترکہ ملکیت کی صورت میں خاندان کا صرف ایک فرد اس سکیم سے مستفید ہو سکے گا۔

درخواست گزار زرعی مشینری کے حصول کیلئے اپنے ضلع میں درخواست جمع کروانے کا پابند ہوگا۔درخواست گزار ایک یا ایک سے زائد زرعی مشینری کیلئے درخواست جمع کروا سکے گا۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت حاصل کردہ مشینری کو درخواست گزار3 سال تک دوسرے کسانوں کو دینے کا پابند ہوگا۔قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار 15 یوم میں منظور کردہ فرم سے مجوزہ زرعی مشینری کی بکنگ کا پابند ہوگا۔

زرعی آلات و مشینری کی الاٹمنٹ کے متعلق الاٹمنٹ کمیٹی /ناظم اعلیٰ زراعت(توسیع) پنجاب کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ درخواست گزار شناختی کارڈ / ٹریکٹر کی رجسٹریشن بک ،زرعی رقبہ کی فردملکیت کی تصدیق شدہ کاپیاں 100روپے کے اشٹام پر بیان حلفی کے ساتھ درخواست جمع کروانا ہوگی۔درخواست فارم متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر،ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت کے دفتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔

درخواست گذار محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pkسے ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔مکمل درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ دائریکٹر زراعت(توسیع) کے دفتر میں 20 مارچتک وصول کی جائیں گی۔قرعہ اندازی کی آخری تاریخ 10اپریل2020ہے، جبکہ مزید معلومات کیلئے کاشتکار ایگریکلچرل ہیلپ لائن پر بروز سوموار تا جمعہ دفتری اوقات میں0800-17000پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں

متعلقہ عنوان :