موسم کی صورتحال بری طرح بگڑ گئی، تمام ائیرلائنز کیلئے ہنگامی الرٹ جاری

لاہور میں طوفانی بارش ، آندھی اور ژالہ باری کے باعث علامہ اقبال ائرپورٹ آنے والی تمام پروازوں کا رخ اسلام آباد یا کراچی کی جانب سے موڑ دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 مارچ 2020 22:51

موسم کی صورتحال بری طرح بگڑ گئی، تمام ائیرلائنز کیلئے ہنگامی الرٹ جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ2020ء) موسم کی صورتحال بری طرح بگڑ گئی، تمام ائیرلائنز کیلئے ہنگامی الرٹ جاری، لاہور میں طوفانی بارش ، آندھی اور ژالہ باری کے باعث علامہ اقبال ائرپورٹ آنے والی تمام پروازوں کا رخ اسلام آباد یا کراچی کی جانب سے موڑ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں جمعرات کی شام کو شروع ہونے والے طوفانی بارش کے بعد موسم کی صورتحال بگڑ گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ شہر میں موسلادھار و طوفانی بارش، آندھی اور ژالہ باری کے باعث علامہ اقبال ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہوگیا ہے۔ اس تمام صورتحال میں لاہور آنے والی تمام ملکی و غیر ملکی پروازوں کا رخ اسلام آباد اور کراچی کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ جبکہ تمام ائیرلائن کیلئے الرٹ بھی جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کی خراب صورتحال کے باعث فلائٹس آپریٹ کرنے کے معاملے میں احتیاط برتی جائے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ لاہور میں گزشتہ چند گھنٹوں سے مسلسل بارش جاری ہے، بارش کا یہ سلسلہ ہفتے کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب‘ خیبر پختونخواہ‘اسلام آباد‘راولپنڈی ‘شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی‘ جہلم‘ اٹک‘ چکوال‘ گوجرانولہ‘ سرگودھا‘ خوشاب‘ میانوالی‘ لاہور‘ فیصل آباد‘ سیالکوٹ‘ نارووال‘ اوکاڑہ‘ ساہیوال‘ ملتان‘ خانیوال‘ بہاولنگر‘ ڈی جی خان ‘ بھکر اور لیہ میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جا ری رہنے کاامکان ہے جبکہ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ با ری ہونے کی بھی توقع ہے۔