کاشتکاروں کے نقصانات کے ازالے کے لیے بیمہ تکافل کی فہرستیں جلد تیار کرنے کی ہدایت

ہفتہ 7 مارچ 2020 16:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2020ء) سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ بیمہ تکافل سے استفادہ کے لیے کاشتکاروں کی فہرستوں کی جلد تیاری کی ہدایت کی ہے تاکہ نقصان کے ازالہ کی رقوم کاشتکاروں میں تقسیم کی جاسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ناگہانی وجوہات کی وجہ سے کسانوں کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے اور ان کی محنت برباد ہوکررہ جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی طور پر کاشتکاروں کو استحکام دینے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی خاطر حکومت پنجاب کے تحت کسانوں کیلئے فصل بیمہ (تکافل) پروگرام جاری ہے ۔ اس پروگرام کی اہمیت کے پیش نظرحکومت نے خریف2019 سے اس سکیم کا دائرہ کار18 اضلاع تک بڑھا دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو کپاس،دھان اور گندم پر بیمہ کی سہولت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت 5 ایکڑ اراضی کے کاشتکاروں کے لئے بیمہ کے پریمیم پر100 فیصد سبسڈی جب کہ 5 سی25 ایکڑ کے کاشتکاروں کو 50 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آن لائن سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اب اسی پروگرام کے تحت معاہدہ کی رو سے عسکری انشورنس کی جانب سے تحصیل کبیروالا کی1ہزار96 اور تحصیل راجن پور کے 3ہزار8سو62کاشتکاروں کے فصلات کے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جارہا ہے اور تحصیل راجن پور کے کاشتکاروں کو 8 ہزار 4 سو 50 روپے فی ایکڑ کے حساب سے جبکہ تحصیل کبیروالا کے کاشتکاروں کو8ہزار96روپے فی ایکڑ کے حساب سے اپنی فصل کے ہونے والے نقصان کے عوض ادائیگی کلیم کے چیک تقسیم کئے جارہے ہیں۔

سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ رجسٹرڈ کاشتکار وں کو بذریعہ ایس ایم ایس یو پیسہ کی جانب سے مطلع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل تحصیل چیچہ وطنی کے کاشتکاروں کے نقصان کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ یورپی ممالک میں یہ سکیم کامیابی سے جاری ہے اور اس سے کاشتکاروں کو نہ صرف مالی تحفظ بلکہ ذہنی سکون بھی حاصل ہوتا ہے اب حالات جیسے بھی ہوں وہ اپنی محنت کے صلہ کے حصول کیلئے پراُمید ہوتے ہیں کہ آئندہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں انہیں نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :