پی ایس ایل 5، ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پشاور زلمی کی ٹیم 7رنز سے کامیاب

ہفتہ 7 مارچ 2020 19:36

پی ایس ایل 5،  ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پشاور زلمی کی ٹیم 7رنز سے کامیاب
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2020ء) پاکستان سپر لیگ کے سلسلہ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میںڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پشاور زلمی کی ٹیم 7رنز سے کامیاب ہو گئی جبکہ بارش کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 20ویں میچ میںپشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے بیٹنگ جبکہ پشاور زلمی کی جانب سے راحت علی اور شعیب ملک نے باولنگ کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلا نقصان 6رنز کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب اوپنر رونکی صرف6رنز بنا کر راحت علی کی گیندپروہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ون ڈاون پوزیشن پر رضوان حسین بیٹنگ کیلئے آئے۔

19کے مجموعی سکور پر وہاب ریاض نے شعیب ملک کی گیند پر کولن منرو کا جبکہ 21رنز کے مجموعی سکور پر لیونگ سٹون نے راحت علی کی گیند پر رضوان حسین کا کیچ چھوڑ دیا۔رضوان حسین صرف 5رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے،اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈکا مجموعی سکور41رنز تھا۔جس کے بعد کپتان شاداب خان بیٹنگ کیلئے آئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم نے اپنے 50رنز 5.2اوورزمیں جبکہ 100رنز 9اوورزمیں مکمل کیئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈکی تیسری وکٹ 108رنز کے مجموعی سکورپر گر گئی جب دوسرے اوپنر کولن منرو52رنز بنا کر بریتھ ویٹ کی گیند پر لیونگ سٹون کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،انہوں نے 35گیندوں پر4چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سی52رنز بنائے۔جس کے بعد کولن انگرام بیٹنگ کیلئے آئے۔اس دوران شاداب خان نے اپنی نصف سنچری 26گیندوں پر4چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے مکمل کرلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈکی149رنز کے مجموعی سکور پر شعیب ملک نے راحت علی کی گیند پر انگرام(19رنز) کا، 159کے مجموعی سکور پرشعیب ملک نے ایک بار پھر بریتھ ویٹ کی گیند پر شاداب خان(62رنز)کا جبکہ 164رنز پر حیدر علی نے وہاب ریاض کی گیند پرشاداب خان (65رنز)کاکیچ چھوڑ دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈکی چوتھی وکٹ 184رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب کولن انگرام 41رنز بنا نکر حسن علی کی گیند پر لیونگ سٹون کے ہاتھوں باونڈری پر کیچ ہو گئے۔

اس موقع پر آصف علی بیٹنگ کیلئے آئے۔189رنز کے مجموعی سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی پانچویں وکٹ گر گئی جب کپتان شاداب خان 77رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر لیونگ سٹون کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔شاداب خان نے 42گیندوں پر 5چوکوں اور4چھکوں کی مدد سے 77رنز بنائے۔ان کے بعد فہیم اشرف بیٹنگ کیلئے آئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ20اوورزمیں 5وکٹوں کے نقصان پر195رنز بنائے،آصف علی نے آوٹ ہوئے بغیر03 رنز جبکہ فہیم اشرف نے بھی آوٹ ہوئے بغیر03 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 4اوورزمیں 36رنز کے عوض دو،بریتھ ویٹ نے تین اوورز میں22رنز،وہاب ریاض اور راحت علی نے 4،4اوورز میں بالترتیب 37اور41رنز دیکر ایک،ایک وکٹ حاصل کی جبکہ شعیب ملک تین اوورز میں 23رنز اور یاسر شاہ دو اوورز میں 30رنز دیکر کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔جواب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اورامام الحق نے بیٹنگ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیل سٹین اور رومان رئیس نے باولنگ کا آغاز کیا۔

پشاور زلمی کی ٹیم کو 44رنز کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر امام الحق صرف 7رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر ظفر گوہر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ون ڈاون پوزیشن پر ٹام بینٹن بیٹنگ کیلئے آئے۔پشاور زلمی کی ٹیم نے اپنے 50رنز 5اوورز میں مکمل کیئے۔پشاور زلمی کے مجموعی سکور 63رنز پر عاکف جاوید نے ظفر گوہر کی گیند پر ٹام بینٹن(16رنز) ایک آسان کیچ چھوڑ دیا۔

64رنز کے مجموعی سکور پر پشاور زلمی کی دوسری وکٹ گر گئی جب دوسرے اوپنر کامران اکمل 37رنز بنا کر ظفر گوہر کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔جس کے بعد حیدر علی بیٹنگ کیلئے آئے۔پشاور زلمی کا سکور 9اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 85رنز تھا تو بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیااور دوبارہ کھیل شروع نہیں ہو سکا اور ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پشاور زلمی 7رنز سے کامیاب ہو گئی۔

ٹام بینٹن نے آوٹ ہوئے بغیر20رنز جبکہ حیدر علی نے آوٹ ہوئے بغیر16رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ظفر گوہر نے دو اوورز میں 11رنز اور رومان رئیس نے ایک اوور میں 20رنز کے عوض ایک،ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ڈیل سٹین ،فہیم اشرف نے دو،دو اوورز میں بالترتیب 15،26اور شاداب خان نے ایک اوور میں 11رنز دیکر کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو شاندار اننگ کھیلنے پر’مین آف دی میچ ‘کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔