آلو کے نمائشی پلاٹ پر محکمہ زراعت توسیع اور ایف ایف سی کی طرف سے نور پور ڈوگراں قصور میں فیلڈ ڈے کا انعقاد

پیر 9 مارچ 2020 23:39

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2020ء) آلو کے نمائشی پلاٹ پر محکمہ زراعت توسیع اور ایف ایف سی کی طرف سے نور پور ڈوگراں ضلع قصور میں آلو کے نمائشی پلاٹ پر ایک فیلڈ ڈے کا انعقاد کیا گیا۔جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار محمد حسین ڈوگر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں تقریباًً100 ترقی پسند کاشتکاروں نے شرکت کی۔

فوجی فرٹیلائزر کمپنی سے تعلق رکھنے والے زرعی ماہرین اور منیجر فارم ایڈوائزری سنٹر عبدالحمید لودھی نے کاشتکاروںمیں اس پلاٹ پر کیے جانے والے آلو کی کاشت سے متعلقہ تمام کاشتی اُمور سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کاشتکاروں کو بتایاآلو کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے کھادوں کا متناسب استعمال نہایت ضروری ہے۔ کاشتکاروں پر زور دیا کہ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ کاشتکار اپنی زمین اور پانی کا تجزیہ کروائیں تاکہ فصلوں کی غذائی ضروریات کے ساتھ ساتھ زمین کے دیگر مسائل کا بروقت تعین کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اور کاشتکاروںکیلئے یہ سہولت فوجی فرٹیلائزر کمپنی کی طرف سے بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے فوجی فرٹیلائزر کمپنی کا شعبہ فارم ایڈوائزری سینٹر کا اب شیخوپورہ میں قیام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔اُنھوں نے مزید کہا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی (FFC) کاشتکاروں کی فلاح وبہبود، کھادوں کی یقینی اور بر وقت فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار محمد حسین ڈوگر نے ایف ایف سی کی زمینداروں کیلئے مفت خدمات کو سراہا ۔ اُنہوں نے زمینداروں پر زور دیا کہ وہ جدید زراعت کو اپناتے ہوئے اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے آلو کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔ کیونکہ ہمارے کئی ترقی پسند کاشتکار آلو کی بہترین پیداوار لے رہے ہیںاور ہمارے باقی کاشتکار بھی زرعی ماہرین کی سفارشات پر عمل کر کے اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

سینئر ایگزیکٹیو مارکیٹنگ عمران خالق نے کہا کہ کھادوں کا صحیح اور متناسب استعمال فصلوں کی پیداوار میں 50% تک اضافہ کر سکتا ہے او ر کسانوں کو نمائشی پلاٹ پر کیے جانے والے اقدامات اور اُن پر اُٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ جدید زرعی ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں اور ملک و قوم کی خدمت کریں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع شاہد اقبال نے کہا کہ ایف ایف سی کیساتھ ملکر کسانوں کی زرعی رہنمائی کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں ۔ انہوںنے کاشتکاروں پر زور دیا کہ ایف ایف سی کی زرعی خدمات سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں اور آلو کی اچھی پیداوار کے لئے ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں۔تقریب کے دوران کاشتکاروں کو آلو کی کاشت کے متعلق آلو، گندم اور مکئی سے متعلق کتابچے بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کے فصلوں کی کاشت سے متعلق دیگر سوالات کے جواب بھی دیئے۔ آخر میں تمام شرکاء نے آلو کے نمائشی پلاٹ کا معائنہ کیا اور آلو کی پیداوار اور سائز کو سراہا۔