سابق صدر الخدمت فاوٴنڈیشن نعمت اللہ خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا

تقریب میں صدرالخدمت فاوٴنڈیشن محمد عبدالشکور،سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم،سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی،ہارون الرشید،فرزند نعمت اللہ خان کلیم اقبال سمیت ممتازسیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی

منگل 10 مارچ 2020 13:34

سابق صدر الخدمت فاوٴنڈیشن نعمت اللہ خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ2020ء) الخدمت فاوٴنڈیشن کے تحت سابق صدر الخدمت فاوٴنڈیشن اور سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ مرحوم کو ان کی بے پایاں خدمات کے اعتراف میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دی پنجاب سکول میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صدرالخدمت فاوٴنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور،سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص،نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ،سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم،سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی،ہارون الرشید،فرزند نعمت اللہ خان کلیم اقبال،صدر الخدمت وومن ونگ کلثوم فاطمہ رانجھا سمیت ممتازسیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

محمد عبدالشکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعمت اللہ خان دکھی انسانیت کی خدمت کا استعارا ہیں اور ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خدمت انسانی کا مشن جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

آپ کی خدمات کے اعتراف میں تھر کے علاقے مٹھی میں قائم الخدمت تھر ہسپتال کا نام تبدیل کرکے الخدمت نعمت اللہ خان تھر کمپلیکس رکھا جائے گا۔اس کے علاوہ ہر سال ملک بھر میں خدمت خلق کے میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو ہر سال نعمت اللہ خان لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے جبکہ اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔

امیر العظیم نے کہا کہ انسان ہوتے ہوئے انسانی اوصاف کا کمال ان کی ذات میں موجود تھا۔مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ خدمت میں عظمت ہے اور خدمت کا نام ہی نعمت اللہ خان ہے۔ہارون الرشید نے کہا کہ نعمت اللہ خان مکمل طور ایک بے ریا اور متوکل انسان تھے۔ عاصم چغتائی نے نعمت اللہ خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ترانہ پیش کیا۔آخر میں ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔