کورونا وائرس نے تمام خلیجی ممالک میں پنجے گاڑ لیے

ایک ہی دن میں بحرین میں 77 اور قطر میں 238 نئے کیسز سامنے آگئے، خلیجی ممالک نے ہنگامی بنیادوں پر پروازیں اور تجارتی سرگرمیاں معطل کرنا شروع کردیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 11 مارچ 2020 22:44

کورونا وائرس نے تمام خلیجی ممالک میں پنجے گاڑ لیے
ماناما (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 مارچ2020ء) کورونا وائرس نے چین، اٹلی اور ایران کے بعد تمام خلیجی ممالک میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک ہی دن کورونا وائرس میں بحرین میں 77 اور قطر میں 238 نئے کیسز سامنے آگئے، خلیجی ممالک نے ہنگامی بنیادوں پر پروازیں اور تجارتی سرگرمیاں معطل کرنا شروع کردی ہیں۔ قطر میں کورونا وائرس وبائی شکل اختیار کر گیا ہے، قطری وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز کورونا وائرس کے 238نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی کل تعداد 262 ہوگئی ہے۔

بحرین میں وزارات صحت کی جانب سے کورونا کے77 نئےکیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ بحرینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ’بحرین میں کورونا میں مبتلا77 افراد کی تصدیق کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 189 ہوگئی جبکہ 88 افراد صحت یاب ہوگئے‘۔

(جاری ہے)

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے تمام تعلیمی اداروں کو رواں تعلیمی سال کے اختتام تک بند کر دیے جانے کا امکان، کرونا وائرس خدشات کے باعث امارات کے تمام اسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کے طالب علم جون 2020 تک بذریعہ آن لائن کلاسز لیں گے۔

اس کے ساتھ ترک حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ترکی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے اورمتاثرہ شخص یورپ سے ترقی آیا ہے جس کے بعد حکومت نے اٹلی، جنوبی کوریا اور عراق کے لئے تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔ ترکی کے وزیر صحت نے بتایا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر صحت کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب المی ادارہ صحت کے سربراہ کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں بے قابو ہو چکا ہے جس کے بعد اسے عالمی وبا قرار دینے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب بھی کسی بیماری یا وائرس کیلئے وبا کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے، تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ یہ ایک انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے، جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔