ابوظہبی میں شیشہ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی

کرونا وائرس خدشات کے باعث اماراتی شہر کے تمام ہوٹلوں کو فوری طور پر پابندی کا اطلاق کرنے کا حکم

muhammad ali محمد علی بدھ 11 مارچ 2020 22:53

ابوظہبی میں شیشہ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مارچ2020ء) ابوظہبی میں شیشہ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی، کرونا وائرس خدشات کے باعث اماراتی شہر کے تمام ہوٹلوں کو فوری طور پر پابندی کا اطلاق کرنے کا حکم۔ تفصصیلات کے مطابق کرونا وائرس خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات میں ہنگامی اقدامات اٹھائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے ابوظہبی میں شیشہ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ابوظہبی میں واقع تمام ہوٹلوں کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ آج سے صارفین کیلئے شیشہ سروس فوری طور پر بند کر دی جائے۔ خلاف ورزی کرنے کی صورت میں سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہوٹلوں کے علاوہ سیاحتی مراکز میں بھی شیشہ کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ دوسری جانب کرونا وائرس خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات کے تمام اسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کو جون 2020 تک بند کر دیے جانے کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

جون 2020 تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاہم اس دوران طالب علموں کو تعلیم دیے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کے طالب علموں کو بذریعہ آن لائن تعلیم دی جائے گی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں جس کے بعد ملک کو کرونا وائرس کے خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شیشہ کے استعمال پر پابندی اور تعلیمی اداروں کی بندش کے اقدامات بھی اسی سلسلے میں اٹھائے گئے ہیں۔