سعودی عرب کے تمام سینما گھروں کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا

فیصلہ کرونا وائرس خدشات کے باعث کیا گیا، مملکت میں کرونا کے مجموعی متاثرین کی گنتی 21 تک جا پہنچی

muhammad ali محمد علی بدھ 11 مارچ 2020 23:31

سعودی عرب کے تمام سینما گھروں کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11مارچ 2020ء) سعودی عرب کے تمام سینما گھروں کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا، فیصلہ کرونا وائرس خدشات کے باعث کیا گیا، مملکت میں کرونا کے مجموعی متاثرین کی گنتی 21 تک جا پہنچی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے مملکت میں تمام سینما گھروں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ سینما مالکان کو حکم دیا گیا ہے کہ احکامات پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے۔

سینما گھروں کا بند کرنے کا فیصلہ کرونا وائرس خدشات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں ہر روز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سعودی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں کرونا کا ایک اور مریض سامنے آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد کرونا کے مجموعی متاثرین کی گنتی 21 تک جا پہنچی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق کرونا کا تازہ ترین مریض ایک مصری شہری ہے، جو نیویارک کی پرواز سے جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئر پورٹ پر آیا تھا اور اس کی اگلی منزل قاہرہ تھی۔ تاہم اس کی تھرمل سکیننگ کیے جانے پرپتا چلا کہ اسے شدید بخار ہے۔ اس شخص کو کرونا وائرس کے شُبے میں باقی مسافروں سے الگ کر کے مقامی ہسپتال میں لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا۔

ٹیسٹ کی رپورٹ میں مصری باشندے کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہو گئی۔ مصری باشندے کو جدہ کے قرنطینہ میں منتقل کر کے اس کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزمملکت میں کرونا وائرس کے پانچ مریض سامنے آئے تھے۔سعودی گزٹ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مشرقی ریجن میں مزید پانچ افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں، جن کا مقامی قرنطینہ سنٹر میں علاج کیا جا رہا ہے۔

وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کے تازہ ترین پانچ مریضوں میں سے تین مریض ایران اور عراق سے واپس آئے تھے۔ جنہیں سرحدی علاقے میں واقع ایک قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا تھا۔ ان افراد کے لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد ان میں کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی۔ کرونا وائرس کے چوتھے مریض میں اس وقت تشخیص ہوئی جب اسے سانس لینے میں دشواری پر ہسپتال لایا گیا۔

ٹیسٹ کے بعد کرونا وائرس کی تصدیق ہونے پر اسے ہسپتال کے الگ وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ وزارت صحت کے مطابق کرونا کاپانچواں مریض مکہ مکرمہ میں سامنے آیا ہے جو ایک مصری باشندہ ہے۔ یہ شخص کچھ روز قبل مصر میں تعطیلات گزارنے کے بعد سعودی مملکت واپس آیا تھا، سانس کا مسئلہ ہونے پر اس کے ٹیسٹ لیے جانے کے بعد یہ کرونا سے متاثر نکلا۔