ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کا مضر صحت پانی سے کاشت کردہ 4ایکڑ رقبے پر مشتمل سبزیاں تلف

جمعہ 13 مارچ 2020 15:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2020ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان نے مضر صحت (شہر کے نکاسی آب) پانی سے کاشت کردہ 4ایکڑ رقبے پر مشتمل سبزیاں تلف کردیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے دریائے سندھ کے کنارے دھپانوالے بند کے قریب شہر کی سیوریج (گندے نالی)کے ذریعے کاشت کیے گئے 4ایکڑ پر مشتمل سبزیوں کے ایک بڑے کھیت کو ٹریکٹروں اور دیگر مشینری کے ذریعے تلف کردیا۔

تلف کرنے سے قبل حلا ل فوڈ اتھارٹی، محکمہ زراعت اور خوراک کے اہلکاروں نے کھیت کا معائنہ کیا اور شہر کے آلودہ اور گندے پانی پر مشتمل ذریعہ آبپاشی کی وجہ سے پیدا ہونیوالی سبزیوں کو مضر صحت قرار دیا۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق یہ سبزیاں دیگر امراض کے علاوہ ہیپٹائٹس بی، سی اور کینسرجیسے موذی امراض کا باعث بن سکتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر نے متنبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں ایسی کاشت کے خلاف بھرپور مہم چلائی جائے گی اور کسی کو بھی اپنی ذاتی منفعت کیلئے لوگوں کی صحت سے کھیلے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس سلسلے میں پہلے ہی دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ کھیت مالکان کیخلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :