جمعہ کے اجتماعات مختصرکریں، بچے اور بزرگ مساجد نہ جائیں، اسلامی نظریاتی کونسل

اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات (آج) وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی، نماز جمعہ کے اجتماعات پر حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، قبلہ ایاز

پیر 16 مارچ 2020 20:14

جمعہ کے اجتماعات مختصرکریں، بچے اور بزرگ مساجد نہ جائیں، اسلامی نظریاتی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2020ء) اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ علمائے کرام نمازجمعہ کے اجتماعات کو مختصر کریں اور بزرگ و بچے مساجد میں نہ جائیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادی نے نماز جمعہ اور دیگر مذہبی اجتماعات سے متعلق علمائے کرام سے مشاورت کی تھی، جس پر علما نے اپنی سفارشات وفاقی وزیر کو دے دیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایازنے کہا کہ کونسل نے مذہبی اجتماعات سے متعلق سفارشات تیار کر لی ہیں، جس میں کہا گیا کہ ملک میں جاری مذہبی اجتماعات ملتوی کیے جائیں، فی الحال مساجد بند کرنے یا نماز جمعہ کی ادائیگی پابندی کی کوئی صورتحال نہیں، تاہم نماز جمعہ کے اجتماع میں بیانات کے بجائے مختصر خطبہ دیا جائے، جمعہ کے اجتماعات مختصر ہوں، بچے اور بزرگ افراد مسجد نہ جائیں۔چیئرمین کونسل قبلہ ایاز نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات (آج) منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی، اور نماز جمعہ کے اجتماعات پر حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، لیکن صورتحال خراب ہونے پر نماز جمعہ کے اجتماع پر پابندی عائد ہوئی تو اس پر عمل کرنا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :