امریکی انتظامیہ اور اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان 20 کھرب ڈالرکے مالیاتی پیکج کی منظوری پر اتفاق

بدھ 25 مارچ 2020 14:05

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) امریکی انتظامیہ اور اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے کورونا وائرس سے متاثرہ ملکی معیشت کے استحکام اور لاکھوں شہریوں کی امداد کے لیی20 کھرب ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری پر اتفاق کیا ہے، نئے مسودہ پر سینیٹ میں دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔ان خیالات کا اظہار سینیٹ میں اکثریتی جماعت کے رہنماء سینیٹر مچ میک کونل نے ایک بیان میں کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہماری قوم اس وقت مشکل صورتحال کا شکار ہے، بالآخر دونوں جماعتیں ایک معاہدے پر پہنچ ہی گئی ہیں، ریلیف پیکج پر دونوں جماعتوں کی رضامندی قابل تحسین ہے، یہ ریلیف پیکج قوم کے لیے حالت جنگ کی سطح کی سرمایہ کاری ہے جس پر پانچ روز کی کٹھن اور صبر آزماء بات چیت کے بعد اتفاق کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ابھی اس مسودہ قانون کی سینیٹ اور ایوان نمائندگان سے منظوری ہونی ہے جس کے بعد یہ حتمی منظوری کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس بھجوایا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت حاصل ہونے والے 20 کھرب ڈالر ملک میں صحت کی سہولیات، چھوٹے کاروباری اداروں کو گرانٹس اور کورونا وائرس سے متاثرہ امریکیوں کو نقد امداد کی فراہمی کے لیے خرچ کیے جائیں گے، اس کے علاوہ بڑے کاروباری اداروں اور ایئر لائنز کو بھی اربوں ڈالر کی امداد دی جائے گی۔ڈیمو کریٹ سینیٹر چک شومر کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے امریکی تاریخ کے سب سے بڑے ریسکیو پیکج پر رضامندی ظاہر کردی ہے،بڑی تعداد میں افراد روزگار سے محروم ہوچکے ہیں جس میں ان کا کوئی قصور نہیں، انھیں تو یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کا مستقبل کیا ہوگا اور وہ اپنے یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کیسے کریں گے، تاہم قومی نمائندوں نے ان کی مالی معاونت کا راستہ نکال لیا ہے۔