کاشتکار گندم کی فصل کو آخری پانی موسمی پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے لگائیں،محکمہ زراعت

بدھ 25 مارچ 2020 18:16

اوکاڑہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) امسال بے موسمی بارشوں کے باعث محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ کاشتکار موسمی پیش گوئی پر نظر رکھیں اور بارشوں کی صورت میں فصل میں موجود زائد پانی کو کسی خالی کھیت میں منتقل کر دیں۔کاشتکار گندم کی فصل کو آخری پانی موسمی پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے لگائیں۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ امسال گندم کی فصل پر کنگی کا حملہ مختلف اضلاع میں مشاہدہ میں آیا ہے۔ یہ مرض پھپھوندی کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ زرد کُنگی کا حملہ پتوں پر ہوتا ہے اور انتہائی حملے کی صورت میں سٹے بھی متاثر ہوتے ہیں۔ پودے کے پتوں پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے متوازی قطاروں میںپوڈر کی صورت میں پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھوری کنگی کا حملہ عام طور پر پودے کے نچلے پتوں سے شروع ہوتا ہے جس کی وجہ سے پتے کے اوپر بھورے رنگ کا زنگ نما پوڈر دکھائی دیتا ہے جبکہ سیاہ کنگی کے حملہ میں پتوں اور تنوں پر بیضوی دھبے نمودار ہوتے ہیں جو کہ شروع میں بھورے رنگ کے ہوتے ہیں۔

کنگی کا حملہ سب سے پہلے کھیت سے کچھ حصے ٹکڑیوں کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے اور پھر وہاں سے پورے کھیت میں بیماری پھیل جاتی ہے۔کنگی کے ظاہر ہوتے ہی صرف متاثرہ حصے پر محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے مناسب پھپھوندی کُش زہر لگائیںتاکہ بیماری پھیل نہ سکے۔اس موسم میں گندم کی فصل پر سست تیلے کا حملہ بھی ہو سکتا ہے اس لئے اس کے مربوط انسداد کیلئے کاشتکار اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :