ملک کے تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو فوری تنخواہیں اور پنشن دینے کا فیصلہ

وزارت خزانہ نے احکامات جاری کر دیے، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی 27 مارچ بروز جمعہ تک کر دی جائے گی

muhammad ali محمد علی بدھ 25 مارچ 2020 20:11

ملک کے تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو فوری تنخواہیں اور پنشن دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2020ء) ملک کے تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو فوری تنخواہیں اور پنشن دینے کا فیصلہ، وزارت خزانہ نے احکامات جاری کر دیے، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی 27 مارچ بروز جمعہ تک کر دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے ملک بھر میں کر دیے جانے والے لاک ڈاون کے پیش نظر سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن فوری ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے وزارت خزانہ نے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین اور پنشنز کو 27 مارچ بروز جمعہ تک تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کر دی جائے گی۔ دوسری جانب عوام کیلئے ریلیف پیکج کے حوالے سے وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ عوام کیلئے معاشی پیکیج کا کل حجم سوا کھرب روپے ہے، ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد دی جائے گی، مستحق خاندانوں کو چار ماہ تک تین ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے، کھاد کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی، کسانوں سے 280 ارب روپے مالیت کی 82 لاکھ ٹن گندم خریدی جائے گی۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس سے پہلے ہماری معیشت خاصی مستحکم ہو رہی تھی، وباء کے باعث دنیا بھر کی طرح پاکستانی معیشت پر بھی برے اثرات مرتب ہوں گے، آنے والے چند ماہ ہماری برآمدات اور بیرون ملک ترسیلات میں کمی آئے گی۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ معاشی پیکیج کا کل حجم سوا کھرب روپے ہے، مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے 200 ارب روپے رکھے ہیں، یہ فنڈز وفاق کی جانب سے صوبوں کی مشاورت سے تقسیم کئے جائیں گے، برآمد کنندگان کو فوری طور پر 100 ارب کے ٹیکس ریفنڈز دیئے جائیں گے۔

زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے سو ارب روپے خرچ ہوں گے، کھاد کی قیمت میں مزید کمی کی جائے گی۔ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد دی جائے گی، ابھی ملک بھر میں 50 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے سستی اشیاء کی فراہمی 50 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔